راولپنڈی (پی این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو پارٹیاں بدل رہے ہیں عوام میں ان کی حیثیت دلہن اک رات کی سے زیادہ نہیں، دو تین مہینے سسرال جیل کاٹنے سے قیامت نہیں آجاتی لیکن بکنے کا دھبہ کبھی نہیں مٹتا، نسلی اوراصلی مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑتے اورچٹان کی طرح ڈٹے رہتے ہیں، معاشی حالات خوفناک ہوگئے۔
اسمبلی میں جانے یا نہ جانے سے فرق نہیں پڑتا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ساری قوم جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملے کی نا صرف مذمت کرتی ہے بلکہ اس پر رنجیدہ ہے لیکن بے گناہ لوگوں کی گرفتاریوں سے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا، موجودہ حکومت لوگوں کی نظر میں قابل نفرت ہو چکی ہے جو بھی ان کا ساتھ دے گا ڈوب جائے گا، شجر اور حجر بھی ان کا رونا رورہے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ کو معلوم ہے کہ مائنس کون ہونے جارہا ہے اور پلس کون ہوگا لیکن اب یہ ہو کر رہے گا، فیصلہ اسی ہفتے میں ہوجائے یا اگلا ہفتہ لے لیں، جون میں چت یا پٹ ہوکررہے گا، عدلیہ جیتے گی بے شک آڈیو لیک تحقیقاتی کمیشن چیف جسٹس کے مشورے کے بغیر کیوں نہ بنالیں، آئینی قانونی فیصلہ چیف جسٹس کی طرف سے آکر رہے گا۔ قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنا ن لیگ کو وراثت میں ملا ہے۔
ججز کو لٹکانے اور دھرنے کی باتیں عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ ہے اور رجسٹرار سپریم کورٹ کے اجلاس میں پولیس کی عدم شرکت سول نافرمانی کی دلیل ہے، جب کہ عدلیہ نے ملک کو انارکی اور خانہ جنگی سے بچایا ہے، فائنل راؤنڈ شروع ہے 2 سے 4 ہفتوں میں فیصلہ ہو جائے گا، الیکشن ہوں گے اور آگ و خون کی سیاست ختم ہو کر رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں