آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر، بجٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ

اسلام آباد(پی این آئی) ملک میں غیریقینی سیاسی صورتحال اور آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کے باعث اگلے بجٹ کا شیڈول متاثر ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے شیڈول میں دوسری بار تبدیلی کر کے اسے 22 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجودہ مالی سال کی جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ جاری کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی کابینہ سے اگلے ہفتے منظوری متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون تک ملتوی کردیا گیا ہے

جبکہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جون کے پہلے ہفتے میں ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 3 جون کو نہ ہو سکا تو بجٹ کی تاریخ بھی تبدیل کرنا پڑے گی جبکہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر 16 اپریل تک کابینہ سے منظور ہونا چاہیے تھا۔دوسری جانب وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کا بجٹ 9 جون کو پیش کرنے کا پلان ہے۔واضح رہے کہ نیشنل اکائونٹس کمٰیٹی کے اجلاس میں زراعت اور صنعت سمیت مختلف شعبوں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے مالی سال کے لیے اہداف کا تعین کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں