آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کی حلقہ ایل اے 15 باغ 2 میں انتخاب کیلئے انتظامیہ کو الیکشن کیلئے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15باغ 2میں ہونے والے انتخاب کیلئے انتظامیہ کوالیکشن کیلئے جاری ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ جملہ سیاسی زعماء کرام جو کسی بھی امیدوار کی انتخابی مہم میں شامل ہوں کی توجہ ضابطہ اخلاق پر مبذول کرواتے ہوئے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی مہم کے دوران اشتعال انگیز اور نفرت پر مبنی تقاریر نیز کوئی بھی ایسی تقریر یا بیان جس سے ریاست جموں وکشمیر کی مسلمہ حیثیت، سالمیت، آزادکشمیر /پاکستان کی عدلیہ کی آزادی یا خود مختاری متاثر ہو یا عدلیہ / افواج پاکستان کی شہرت کو نقصان ہو یا اس سے ان کی تضحیک کا کوئی پہلو نکلتا ہو سے اجتناب کیا جائے۔انتخابی مہم میں آزادکشمیر یا پاکستان کا کوئی بھی حکومتی عہدیدار یا وزیر کسی بھی قسم کے سرکاری وسائل کا استعمال نہیں کرے گا۔ جملہ سیاسی قائدین کسی بھی قسم کی ترقیاتی اسکیموں کا اعلان نہیں کریں گے۔ بہر صورت رواداری اور پرامن انتخابی ماحول کو قائم رکھا جائے گا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کے قائدین کا استحقاق ہے کہ وہ اپنے امیدوار کی انتخابی مہم میں شریک ہو کر اس کی انتخابی مہم چلائیں تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شدہ ضابطہ اخلاق /ہدایات کے تحت ان پر لازم ہے کہ وہ عملدرآمد کو یقینی نیز آزادجموں وکشمیر الیکشنز ایکٹ 2020کی دفعہ 106ذیلی دفعہ 4کی رو سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں