پرویز خٹک نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرنے کی خبروں پر فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پرویز خٹک نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کی تردید کر دی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے پارٹی کو خیرباد کہنے کی اطلاعات پر ردعمل دیا گیا ہے۔

 

 

 

پرویز خٹک نے پارٹی چھوڑنے سے متعلق افواہوں کو غلط قرار دے دیا۔ سابق وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کو چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔کوئی پارٹی سے جاتا ہے تو کوئی آتا ہے، اس سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جبکہ پارٹی پر پابندی کی کوشش کی گئی تو پی ٹی آئی نئے نام سے سیاست کرے گی۔ جبکہ اس سے قبل علی امین گنڈاپور بھی تحریک انصاف کو چھوڑنے کی افواہوں کی تردید کر چکے۔ علی امین گنڈاپور نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑ رہے۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پریشر سے ڈرنے والا نہیں، پارٹی چھوڑنے سے آسان مرجانا ہے، میں وہ نہیں جو وفاداریاں تبدیل کروں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ عمران خان میرا لیڈر نہیں بلکہ میرا جنون ہے، اصلی اور نسلی کا مشکل وقت میں پتہ چلتا ہے،سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت افواہ پھیلائی جا رہی ہے کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں، کسی کے پریشر سے ڈرنے والا نہیں۔

 

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا ہے کہ حکومت الیکشن کرائے، حکومت عوامی طاقت کو مسترد کر رہی ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران تحریک انصاف کے کئی اہم رہنماوں نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے محمود مولوی، سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم، کراچی سے منتخب ہونے والے رکن سندھ اسمبلی عمران علی شاہ، ڈاکٹر امجد اور کئی سابق اراکین اسمبلی نے پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے رہنماوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے باعث وہ پارٹی سے راہیں جدا کر رہے ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے بیشتر رہنماوں نے سیاست سے ہی کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں