ریڈیو پاکستان پشاور کا گیٹ توڑنے والا شخص گرفتار، گیٹ توڑ کر کتنے میں فروخت کیا؟ حیران کن انکشاف

پشاور (پی این آئی) ریڈیو پاکستان کا گیٹ توڑنے والا آخرکار پولیس کی گرفت میں آ ہی گیا۔ تفصیلات کے مطابق ریڈیو پاکستان کا مرکزی گیٹ توڑنے والے ملزم محمد عمر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ ملزم نے گیٹ توڑنے کے بعد فروخت کر دیا تھا،ملزم نے گیٹ ہشت نگری میں کباڑ کی دکان پر 9 ہزار میں فروخت کیا تھا۔

 

 

 

پولیس کے مطابق ریڈیو پاکستان کا مرکزی گیٹ برآمد کر لیا ہے،مرکزی ملزم کا ساتھی بھی حراست میں ہے،ریڈیو پاکستان کا گیٹ توڑنے میں 12 سے 13 افراد ملوث ہیں۔ یاد رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد 10 مئی کو پشاور میں شر پسندوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت میں آگ لگا دی تھی،شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان طاہر حسن نے بتایا تھا کہ شر پسند ریڈیو پاکستان کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے،سیکڑوں شر پسندوں نے اچانک دھاوا بولا۔شر پسندوں نے چاغی یادگار اور ریڈیو آڈیٹوریم کو بھی آگ لگائی،جبکہ نیوز روم اور مختلف سیکشنز میں تباہی مچائی گئی انہوں نے کہا تھا کہ شرپسند عناصر سرکاری سامان بھی لے گئے،سامان میں کیمرے،مائیک اور دیگر دفتر سامان شامل ہے۔ انکا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے روکنے پر خواتین سمیت دیگر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا،مختلف سیکشنز میں آتشزدگی سے ریکارڈ اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ نگران وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے واقعہ کے بعد ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کیا تھا۔

 

 

 

انہوں نے مظاہرین کی جانب سے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگائے جانے سے متاثر ہونے والے حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا،وزیراعلٰی کو متعلقہ حکام کی جانب سے قومی عمارت کو آگ لگائے جانے کے واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close