عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد (پی این آئی) صدرمملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے، عمران خان نے جنرل عاصم منیر کی تعیناتی کی مخالفت نہیں کی تھی۔

 

 

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نو مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے، 9 مئی کے واقعات کی نہ صرف مذمت بلکہ جو ملوث ہیں ان کے خلاف کاروائی بھی ہونی چاہیئے، یہ آپ ان سے پوچھیں کہ انہوں نے ری ایکشن کیوں نہیں دیا؟ انہوں نے کہا کہ کاروائی میں انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے، کاروائی کا مطلب یہ نہیں کہ مارپیٹ ہو، اس سے تو خراب روایت پڑے گی۔ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جنرل عاصم منیر کی تعیناتی کی مخالفت نہیں کی تھی، عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ کو کہہ دیں ، جس کو ادارہ آرمی چیف بنائے قبول کریں گے۔دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمداللہ نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ صدرعارف علوی مل بیٹھنے اور مذاکرات کا بھاشن دینے سے پہلے اپنی پوزیشن واضح کریں۔ کیا وہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کی ملک میں تباہی بربادی اور دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں یا نہیں؟ آج ثابت کرنا ہوگا کہ تم تینوں افواج کےکمانڈر انچیف ہو یا عمران خان کے سیکورٹی چیف؟ انہوں نے کہا کہ صدر صاحب واضح کریں پاکستان کے وفادار ہو یا عمران خان کا ؟ پاکستان کا صدر ہو یا زمان پارک کا ٹائیگر ثابت کرنا ہوگا کہ تم واقعی کمانڈر انچیف ہو۔

 

 

 

حافظ حمداللہ نے مطالبہ کیا کہ صدارت سے مستعفی ہوکر ایوان صدر خالی کرو۔ مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی فسطائیت، ملک دشمنی اور ملک پر حملہ آور ہونے کا بندوبست کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے اور ریاست پر حملہ آور نہ ہو۔ بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ کوئی شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کی کوئی بے حرمتی نہ کر سکے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لوگوں کی بیٹیوں کے گھروں پر حملے کرائے، لوگوں کی بیٹیوں کو والدین کے سامنے گرفتار کیا لیکن پھر بھی کوئی تمہاری طرح اس ملک پر حملہ آور نہیں ہوا۔ سیاست کا لبادہ اوڑھ کر سابق وزیراعظم نے ملک اور عوام کو سزا دی،ملکی معیشت اور نہ ہی عوام کے روزگار کو چھوڑا۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بندوبست ہو رہا ہے تاکہ پاکستان کی تاریخ میں آئندہ کوئی یہ کوشش نہ کر سکے جو عمران خان نے کی،بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ کسی کو یہ ملک دشمنی کرنے کی جرات نہ ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں