اسلام آباد (پی این آئی)پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کر کے ایک بار پھر اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔نائلہ کیانی دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون جبکہ رواں سال 2023 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی بین الاقوامی کوہ پیما ہیں۔نائلہ کیانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ میں بتایا کہ 14 مئی کی صبح 8 بج کر 2 منٹ پر وہ شرپا پاسنگ ٹمبا کے ہمراہ 8849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچیں۔گزشتہ ماہ اپریل میں نائلہ کیانی نے پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کے
ہمراہ نیپال میں واقع آٹھ ہزار 91 میٹر بلند چوٹی انا پورنا کو سر کیا تھا۔نائلہ کیانی واحد پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں جو دو سال کے عرصے میں 8 ہزار میٹر سے بلند پانچ چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔انہوں نے گیشربرم 1، گیشربرم 2، کے ٹو اور اناپورنا کو بھی سر کررکھا ہے ، نائلہ کیانی اس سیزن میں ایورسٹ ٹاپ پر پہنچنے والی پہلی غیر نیپالی کوہ پیما بھی بن گئی ہیں۔نائلہ کیانی اس سیزن میں ماؤنٹ لوٹسے بھی سر کریں گی۔اس سے قبل ثمینہ بیگ نے سال 2013 اور 2022 میں کے ٹو اور ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں