اگر توہین عدالت کا نوٹس ہوگا تو نہیں جاؤں گا، جوکرنا ہے کرلو

کراچی (پی این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ اگرعمرعطا بندیال بلائیں تو نہیں جائوں گا، کرلو جو کرنا ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ اگر توہین عدالت کا نوٹس ہوگا تو نہیں جاؤں گا کیوں کہ آپ اپنی اخلاقی و قانونی اتھارٹی کھوچکے ہيں، قوم کااعتماد اٹھ چکاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دو قانون چل رہے ہیں، آئين بنانے والے کو پھانسی اور جھوٹے شخص کو اتنی رعایتيں، سوال تو اٹھیں گے، گذشتہ دو دن آئینی و قانونی لحاظ سے سیاہ ترین دن تھے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ لوگ پریشان ہیں کہ کس پر اعتبار کریں، سب کے لیے یکساں حقوق کی بات دفن ہوگئی ہے، ہماری لیڈرشپ کو نشانہ بنایا گیا عدالتوں کی طرف سے جس پر اب پیپلزپارٹی کے ورکرز میں شدید غم و غصہ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دھمکی دی کہ انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تو ٹرینیں بسیں جلیں گی، تعلیمی نظام متاثرہوگا، کاروبار بند ہوگا۔

 

 

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان اسرائیل اور بھارت سے مل کر سوشل میڈیا پر حاوی ہوا اگر غیرت ہے تو بتائے اس قادر ٹرسٹ کی تاریخ کیا ہے، شوکت خاتم اور توشہ خانہ کی حقیقت بتائے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ عدالت نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی تو پارلیمان وزیراعظم کی دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔ خرم دستگیر کا کہنا تھاکہ پاکستان کی اعلیٰ عدالتیں اس فاشسٹ لاڈلے کی نشوونما کیلئے بضد ہیں، عدلیہ کی مادرپدر آزادی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوا ہوا اور عدالت میں اس کو خوش آمدید کہا گیا، منصوبہ بندی کے تحت ملک میں آگ لگائی گئی، پاکستان دشمنوں نے یہاں ایسا جتھا پیدا کردیا ہے جو ان کے ٹارگٹ پورے کرنے کیلئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان سے کہتے ہیں اگر چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے؟ وفاقی وزیر کا کہناتھا کہ عدالت نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی تو پارلیمان وزیراعظم کی دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں