اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی سی سی ٹی وی کیمروں میں شکلیں موجود ہیں، کسی کو معافی نہیں ملے گی، پورا محاسبہ ہوگا۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے خود شرپسندوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہيں کیا تاکہ وہ بے نقاب ہوں، عمران خان نے پوری محنت سے چند ہزار فسادی تیار کیے۔انہوں نے کہا کہ فوج کو سول اتھارٹی کے تحت طلب کیا گیا، یہ کہتاہے قوم میرے ساتھ ہے ، نہیں جتھے اور شرپسنداس کے ساتھ ہیں، جتھے بندی کے خلاف مؤقف رکھنا بہت ضروری ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کے علاوہ کوئی حل نہیں بنتا، ان کا رویہ یہی رہاتو افسوس سے کہتاہوں ہمیں مجبور ہونا پڑے گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ سے عمران خان کی ضمانتوں پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ چیف جسٹس ملزم کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کرے تو پھر دوسری عدالت کا کیا اختیار رہ جاتا ہے؟
عدالت نے ان مقدمات میں بھی ضمانت دے دی جو ابھی درج ہی نہیں ہوئے، ان مقدمات میں بھی ضمانت دی گئی جو کسی ادارے کے ذہن میں ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے، قوم اس کا ادراک کرے، اسے ووٹ کی طاقت سے مائنس کرنا چاہیے۔رانا ثنا نے کہا کہ ریڈ زون میں اجازت کے ساتھ پی ڈی ایم کو احتجاج کی اجازت ہو گی، ڈی سی کو کہا ہے کہ رجسٹرار کو پوری یقین داہانی کرائیں، پہلے بھی یہاں پُرامن احتجاج ہوتے رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں