برآمدات میں کمی، 10 ماہ میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہونے کا انکشاف

لاہور(آئی این پی) پی ٹی آئی حکومت کے 4 سالوں میں مسلسل بڑھنی والی ایکسپورٹس پی ڈی ایم حکومت کے ایک سال میں بری طرح گر گئیں، 10 ماہ میں پاکستان کو اربوں ڈالرز کا نقصان ہونے کا انکشاف، رواں مالی سال جولائی تا اپریل 2023 کے دوران ایکسپورٹس کا حجم 26 فیصد سے زائد کم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ایکسپورٹس میں مسلسل 8ویں ماہ بھی تنزلی جاری ہے جو اپریل میں سالانہ بنیادوں پر 26.68فیصد سکڑ کر 2ارب 12کروڑ ڈالر رہ گئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 10 مہینے (جولائی تا اپریل)کے دوران ایکسپورٹس 11.71 فیصد گر کر 23 ارب 17 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 26 ارب 24 کروڑ ڈالر تھیں۔اسی کے ساتھ ساتھ اپریل میں درآمدات بھی 55.67 فیصد کمی کے بعد 2 ارب 95 کروڑ ڈالر رہ گئیں جو گزشتہ برس اسی مہینے میں 6 ارب 66 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔جولائی تا اپریل کے دوران درآمدات 28.44 فیصد کم ہونے کے بعد 46 ارب 88 کروڑ ڈالر کی سطح پر آ گئیں جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 65 ارب 51 کروڑ ڈالر تھیں۔ مالی سال 2023 میں جولائی تا اپریل کے دوران تجارتی خسارے میں 39.62 فیصد تنزلی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ برس کے 39 ارب 27 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 23 ارب 71 کروڑ ڈالر رہ گیا، اپریل میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 77.98 فیصد گر کر 82 کروڑ کی سطح پر آگیا۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی ایکسپورٹس ایک ایسے وقت میں کم ہوئی ہیں جب پاکستان ڈالرز کی شدید قلت کا شکار ہے۔ تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کے 4 سالوں میں ملکی ایکسپورٹس میں مسلسل اضافہ ہوا تھا، عمران خان اپنے دور میں ایکسپورٹس کا حجم 23 ارب ڈالرز سے بڑھا کر 32 ارب ڈالرز تک لے جانے میں کامیاب رہے تھے۔ تاہم اب پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کے دور میں رواں مالی سال کے دوران اب تک پاکستان کو ایکسپورٹس کی مد میں 3 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ہو چکا۔جبکہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی ترسیلات زر میں بھی اربوں ڈالرز کی کمی ہو چکی۔ اس صورتحال کو معاشی ماہرین کی جانب سے انتہائی تشویش ناک قرار دیا جا رہا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close