خواجہ آصف نے دونوں بھائیوں کا اصل چہرہ پارلیمنٹ میں قوم کو دکھایا، چوہدری پرویز الہیٰ کا دعویٰ

گجرات (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے پارلیمنٹ میں شہباز شریف اور نواز شریف کا اصل چہرہ قوم کو دکھایا۔ گجرات میں اینٹی کرپشن عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف مذاکرات اور دوسری جانب چھاپے مار رہے ہیں، قوم کو پتہ چل جائے گا نواز شریف اور شہباز شریف کتنے بڑے منافق ہیں۔

حکومتی ایوانوں کا زمینی حقائق سے کوئی تعلق نہیں رہا،ہماری قیادت کو بخوبی علم ہے کہ حکومت کیا کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد سب کچھ کلیئر ہو جائے گا،پارلیمنٹ میں خواجہ آصف نے جو کہا وہ صحیح ن لیگ کی خدمت کر رہے ہیں،وزیر دفاع نے نواز شریف اور شہباز شریف کا اصل چہرہ سب کو دکھا دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں 15 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کی۔ لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الہیٰ کو فوری گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔ عدالت نے چوہدری پرویز الہیٰ کو متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ کوئی نیا مقدمہ درج ہوا تو اس کی درخواست دوبارہ دائر کریں۔قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں ہی پرویز الٰہی کے گھر پولیس آپریشن کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس سرفراز ڈوگر نے پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے 8 مئی کو جواب طلب کر لیا،عامر سعید راں ایڈووکٹ نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب کے گھر غیر قانونی طور پر آپریشن کیا گیا،ضمانت کے باوجود پرویز الٰہی کی گرفتاری کی کوشش کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں