مبینہ آڈیو لیکس، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کیخلاف کارروائی کا امکان

لندن (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ آڈیو لیکس پر ثاقب نثار کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ثاقب نثار نے ملک کے ساتھ ایسے ظلم کیے جو ناقابل بخشش ہیں۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق لندن میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ثاقب نثار نے جو ظلم کیا وہ ناقابل قبول ہے، سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیوز اور آئین و قانون کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دوسرے لوگ آئین و قانون کی خلاف ورزی پر سیدھا جیلوں میں جاتے ہیں۔ قائد ن لیگ نے کہا کہ ثاقب نثار کس کس چیز کا دفاع کریں گے، انہوں نے لوگوں اور ملک کے ساتھ ایسے ظلم کیے جو ناقابل بخشش ہیں۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کیلیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی قرارداد کثرت رائے سے منظور ہوگئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں جے یو آئی کی رکن شاہدہ اختر نے ایوان میں قرارداد پیش کی اور ثاقب نثار کے بیٹے کی سامنے آنے والی آڈیو کی تحقیقات کیلیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا۔

آڈیو تحقیقات سے متعلق خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک قومی اسمبلی سے منظور کرلی۔ قراردار پیش کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ یہ کمیٹی ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کی تحقیقات کرے اور خصوصی کمیٹی تشکیل دے، یہ ایوان خصوصی کمیٹی تشکیل دے جو سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات کرے۔ واضح رہے کہ تین روز قبل ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کے امیدوار کو ٹکٹ دینے اور پیسوں کی لین دین کے حوالے سے گفتگو کررہے تھے۔ اس آڈیو کے بعد ثاقب نثار نے اپنے بیٹے کی آواز کی تصدیق کی جبکہ پی ٹی آئی نے بھی تحقیقات کیلیے پارٹی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close