لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے صدر، سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میں ختم نبوتﷺ کا نمائندہ ہوں، احمدی لابی میرے پیچھے پڑی ہے، میرے گھر میں کاروائی سے میرے بھانجے کا یا کسی رشتہ دارکا تعلق نہیں۔
انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس گھر کے اندر آکر وار کیا اللہ پوچھے گا، آج اللہ نے ہمیں تین جگہ سے ریلیف دیا، ہم ختم نبوت ﷺ کی نمائندگی کررہے ہیں، آپ نے دیکھا کہ ہم نے نکاح نامے میں بھی کہا کہ مرزئی نہیں اس میں آسکتے۔یہ ذاتیات اور بدلے ہم نے کیس اللہ کے آگے رکھا ہے، محسن نقوی کا کیا دین ہے ہمیں کچھ پتا نہیں، محسن نقوی کی حکومت ختم ہوگئی ہے اب یہ ویسے ہی لگا ہوا ہے۔سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے اس کا قصور وار محسن نقوی ہے، چادر چاردیواری کا تقدس جو پامال ہوا ہے محسن نقوی نے بیان دیا کہ جو کچھ ہوا ہے میرے حکم پر ہوا ہے، سب میں کروا رہا ہوں، یہ ساری کاروائی محسن نقوی کی ہے، یہی کارندہ ہے، اس کاروائی سے میرے بھانجے کا یا کسی کا تعلق نہیں ہے۔پرویزالٰہی نے کہا کہ احمدی لابی میرے پیچھے پڑی ہوئی ہے، میں اسپیکر تھا اور چیف منسٹر تھا تب بھی میرے پیچھے تھے، ہم نے ان کو کہا تھا ان کو جو اصل جگہ ہے وہاں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ہر شکل میں ہوگا پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی۔ الیکشن میں شریفوں کا جوحشر ہوگا سب دیکھیں گے، یہ شریف خاندان تکبر کا منبہ ہیں، شہبازشریف بھی اس کارروائی میں شامل ہے۔
اسی طرح لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن گوجرانوالہ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی 15مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعلی پنجاب کو متعلقہ عدالت رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ چوہدری پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے دلائل دیتے ہوئے کہ سابق وزیراعلی پنجاب کے خلاف بلا جواز مقدمات درج کر لیے گئے، 2مقدمات میں عبوری ضمانت کروا لی، ایک اور مقدمہ رات گئے درج کیا گیا خدشہ ہے گرفتار کر لیا جائے گا، اینٹی کرپشن اور پولیس نے سیاسی بنیادوں پر بے مقدمہ درج کیا، ایک ہی مقدمے میں کرپشن کے متعدد اور بے بنیاد الزامات لگائے، تحقیقات میں اپنی بے گناہی کے لیے پیش ہونا چاہتا ہوں، عدالت دونوں مقدمات میں حفاظتی منظور کرے۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر پرویز الٰہی کی 15مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں