لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اگر حکومت 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کرتی ہے، تو ہم اکٹھے الیکشن کیلئے تیار ہیں، یہ بہانے کر رہے ہیں کہ بجٹ دینے کے بعد الیکشن ہوگا، اگر یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہم انتظار کریں گے تو غلط فہمی میں نہ رہیں،ہم پر جرائم پیشہ مسلط کیے گئے، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، یہ تب الیکشن کروانا چاہتے ہیں جب سمجھیں گے کہ میں راستے سے ہٹ گیا، ان کا صرف ایک مقصد ہے کہ کسی طرح مجھے ہٹائیں، پرویز الہی کے گھر میں دروازے توڑ کر ڈاکوں کی طرح حملہ کیا گیا۔
پیر کو ناصر باغ لاہور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ بہانے کر رہے ہیں کہ بجٹ دینے کے بعد الیکشن ہوگا، اگر یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہم انتظار کریں گے تو غلط فہمی میں نہ رہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم پر جرائم پیشہ مسلط کیے گئے، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، یہ تب الیکشن کروانا چاہتے ہیں جب سمجھیں گے کہ میں راستے سے ہٹ گیا، ان کا صرف ایک مقصد ہے کہ کسی طرح مجھے ہٹائیں، پرویز الہی کے گھر میں دروازے توڑ کر ڈاکوں کی طرح حملہ کیا گیا، علی امین گنڈاپور کو ایک جیل سے دوسری جیل لے جا رہے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا ہے 14 مئی کو پنجاب کا الیکشن ہوگا، سپریم کورٹ نے کہا کہ ان سے مذاکرات کریں، اگر یہ متفق ہوجاتے ہیں تو صرف پنجاب کا نہیں پورے ملک میں الیکشن ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ ہم عدالت کو کہیں گے کہ ہمیں پنجاب اور خیبر پختونخوا کا الیکشن چاہیے، اگر یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف جائیں گے تو ہم آئین، عدالت کے ساتھ کھڑے ہوں گے، اگر یہ آئین توڑ دیں گے تو پاکستان میں کیا رہ جاتا ہے؟، جس ملک میں سپریم کورٹ کے حکم کو حکومت نہ مانے تو کون سرمایہ کاری کرے گا، چور اور ہینڈلرز آئین کی خلاف ورزی کریں گے تو قوم میرے ساتھ نکلے گی، طاقتور کو آئین قانون کی پرواہ نہ ہو تو ملک بنانا ری پبلک بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہماری ریلی کمزور طبقے اور مزدوروں کیلئے ہے، سب تیاری کریں اگلے ہفتے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، اگلے ہفتے سب کو پتہ چل جائے گا ملک میں آئین ہے یا جنگل کا قانون۔عمران خان نے کہا کہ پہلے ان لوگوں نے وزیرآباد پھر اسلام آباد میں مجھے قتل کرنے کی کوشش کی، آج ریلی کی ہماری ریلی ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے ہے، جب تک قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی مزدوروں کو حقوق نہیں ملیں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آئین کے مطابق اسمبلی ختم ہو تو 90 دن میں الیکشن ہونے تھے، نگران حکومت نے الیکشن کیلئے ایک کام نہیں کیا، نگران حکومت کی اب کوئی آئینی حیثیت نہیں، ملک میں 70 فیصد عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج تک ہم نے معاشی حالات کی وجہ سے پرامن احتجاج کیے، اگر آئین توڑا تو ملک میں جنگل کا قانون ہوگا، ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے عام آدمی مہنگائی میں پس رہا ہے۔پی ٹی آئی کی ریلی ختم ہوگئی، جس کے بعد عمران خان ناصر باغ سے واپس زمان پارک روانہ ہوگئے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں