مسلم لیگ ن کا ملک میں بیک وقت انتخابات سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ

اسلام آباد ( پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک میں بیک وقت انتخابات سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد کیا گیا۔

 

 

جس میں بیک وقت ملک میں انتخابات کے فیصلے سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا گیا، پی ٹی آئی کے مطالبات پر حتمی فیصلے کے حوالے سے تمام اتحادی جماعتوں خصوصاً جے یوآئی ف کو آن بورڈ لیا جائے گا، اجلاس میں نواز شریف نے بھی ویڈیو لنک کےذریعے شرکت کی اور دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے پہلے عوام کو ریلیف اور پھر انتخابات میں جانے کی ہدایت کی۔ قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں، عوام کو بہت جلد ریلیف بارے خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ساڑھے 3 برس میں ملک اور عوام دشمنوں نے ترقی کو تباہ کردیا، پاکستان کے عوام ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی، ساڑھے تین سال ملک کو نقصان پہنچانے والوں کی گارنٹی دینے والا کوئی نہیں، کچھ لوگوں کو ترقی ہضم نہیں ہوتی، عوام کو ایسے افراد سے بچنا ہوگا۔

 

 

 

دوسری طرف وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ بجٹ کے بعد اسمبلیاں تحلیل کی جائیں، آڈیو لیکس کے معاملے کی انکوائری ہوسکتی ہے، جس کی آڈیو لیک ہوئی اس کو انکوائری کیلئے سامنے آنا ہوگا۔ رانا ثنا اللہ نے پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے سے متعلق کہا کہ پنجاب پولیس وفاق کے ماتحت نہیں ہے، صوبائی حکومت چھاپے کیلئے پیشگی اطلاع دینے کی پابند تھی، دروازہ توڑ کر کسی کے گھر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں