عمران خان ایک ہی دن ملک بھر میں الیکشن کیلئے تیار لیکن شرط بھی بتا دی

لاہور (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 14 مئی تک اسمبلیاں توڑیں پھر ہم ایک تاریخ پر ملک میں الیکشن کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں نہ توڑیں گئیں تو پھر ہم دو صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، بجٹ کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمیں قبول نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی امید چلی گئی توپاکستان کا حال سری لنکا سے بدترہوجائے گا۔خیال رہے کہ ایک دن ملک بھر میں الیکشن کے معاملے پر حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے دو ادوار ہوچکے ہیں ، گزشتہ روز مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی نے بات چیت میں پیش رفت کی امید ظاہر کی تھی اور منگل کو اگلی بیٹھک کا اعلان کیا تھا تاہم پرویز الہیٰ کے گھر پر چھاپے کے بعد خدشات پیدا ہوگئے تھے کہ مذاکرات کا عمل معطل ہوجائے۔اس معاملے پر آج سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت مرکزی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری، شبلی فراز، سینیٹراعظم سواتی، اعجاز چوہدری اور محمود خان شریک ہوئے۔ اجلاس میں عمران خان کو حکومت کےساتھ مذاکرات پر بریفنگ دی گئی اور چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پرآپریشن کےبعد مذاکرات کے مستقبل پرغور کیا گیا۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مذنظر رکھتے ہوئے آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے۔خیال رہے کہ حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی میں بیک وقت انتخابات کیلئے مذاکرات جاری ہیں اور مذاکرات کا فائنل راؤنڈ منگل 2 مئی کو اسلام آباد میں ہونا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ شب پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں