اعتزاز احسن نے پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کے پیچھے وجہ بھی بتا دی

لاہور (پی این آئی) اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کے گھر چھاپے سے معاملات مزید خراب ہوں گے،پرویز الٰہی کے گھر آپریشن کو تحریک انصاف کو سنجیدگی سے دیکھنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق سنیئر قانون دان اور رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے گھر کا دروازہ بکتر بند گاڑی سے توڑنے کی کوشش کی گئی،کیوں نئی روایات ڈالی جا رہی ہیں؟ یہ مت سوچیں لوگ اس اقدام سے ڈر جائیں گے،بربریت سے حکومت اور اتحادیوں کو نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران کوشش کر رہے ہیں 90 دن کے معاملے پر عدالت مجبور ہو جائے لیکن اگر سپریم کورٹ نے اپنا حکم خود تبدیل نہ کیا تو الیکشن 14 مئی کو ہی ہوں گے۔اعتزاز احسن نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے یہ مذاکرات سے گریز کر رہے ہیں اور حکومت مذاکرات سے نکلنا چاہتی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ کے گھر پر حملہ ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بےجاء میں رکھنا اور ورکرز کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی صدارت میں آج اجلاس میں مذاکرات جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔ جبکہ گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں وفاقی حکومت نے ستمبر اور پی ٹی آئی نے جولائی میں الیکشن کرانے کی تجویز دے دی۔ حکومت نے جون میں بجٹ پیش کرنے کی مجبوری ظاہر کی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے انتخابات جولائی میں کرانے کا مطالبہ کیا تو اس پر حکومت نے اپنی قیادت پر بات کرنے کی حامی بھری۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں