پنجاب الیکشن میں ٹکٹوں کی تقسیم، پی ٹی آئی کارکنان کا شدید احتجاج، زمان پارک کے باہر کیمپ لگا لیا

لاہور (پی این آئی) پنجاب کے عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ٹی آئی کارکنان کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زمان پارک کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگ گیا۔بھوک ہڑتالی کیمپ پی پی 141 کے کارکنان کی جانب سے لگایا گیا ہے، کیمپ میں بھوک ہڑتال کے حوالے سے بینرز بھی آویزاں کر دئے گئے ہیں۔

بینرز پر امپورٹڈ امیدوار نامنظور کے نعرے درج ہیں۔کارکنان نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹکٹ کی تقسیم کے حوالے سے ہمیں سنا جائے۔ہماری جماعت امپورٹڈ حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہے،ہمیں بھی امپورٹڈ امیدوار نامنظور ہے۔جس شخص کو ٹکٹ دیا گیا اسے حلقے کی عوام پسند نہیں کرتی۔اس نے تعلقات استعمال کرتے ہوئے جعلی سروے بھی کروایا۔جب تک امپورٹڈ امیدوار سے ٹکٹ واپس نہیں لیا جائے گا اور دوسرے امیدواروں کو نہیں سنا جائے گا تب تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔

قبل ازیں تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ واپس لے لیے جانے پر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے کے امیدوار کی جانب سے مبینہ طور پر خود کشی کی کوشش کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 101 فیصل آباد سے سابقہ امیدوار کے والد زمان پارک پہنچ گئے۔ انہوں نے عمران خان سے بیٹے کو ٹکٹ دے کر جان بچانے کی درخواست کر دی۔ احسان مشتاق نامی سابقہ امیدوار کے والد کا کہنا ہے کہ ٹکٹ واپس لے لیے جانے پر بیٹا شدید صدمے سے دوچار ہے، اس کی حالت بڑی غیر ہے، بیٹے کو کمرے میں بند کر کے آیا ہوں کہ وہ کہیں خود کشی نہ کر لے، میرے بیٹے سے ٹکٹ لے کر جس شخص کو ٹکٹ دیا گیا، وہ 4 ماہ قبل ہی پارٹی کا حصہ بنا، جبکہ میرا بیٹا طویل عرصے سے پارٹی کیلئے کام کر رہا ہے، اس لیے درخواست ہے کہ میرے بیٹے کو ٹکٹ دیا جائے۔

جبکہ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے چند حلقوں میں اپنے امیدوار تبدیل کر دیے ہیں۔ پی پی 10 میں ٹکٹ طیبہ ابراہیم سے لے کر کرنل (ر) اجمل صابر راجہ کو دے دیا گیا۔پی پی 11 میں ٹکٹ چوہدری عدنان سے لے کر عارف عباسی کو جاری کیا گیا۔پی پی 7 میں ٹکٹ کرنل (ر) شبیر اعوان سے واپس لے کر طارق مرتضیٰ کو نئے امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں