جنرل باجوہ کا پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں سے متعلق بیان، آئی ایس پی آر کا ردِعمل بھی آگیا

راولپنڈی(پی این آئی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاک فوج کی جنگی صلاحیت اور تیاریوں کے حوالے سے سابق آرمی چیف کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔جمعہ کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ حال ہی میں پاکستان آرمی کی انوینٹری میں موجود بعض ہتھیاروں کے نظام کی حالت کے پیش نظر اس کی جنگی قابلیت کے بارے میں میڈیا میں بحث ہوئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس حوالے سے پاکستان کے مستقبل کو لاحق خطرے کے بارے میں سابق آرمی چیف کے خیالات کو، جو انہوں نے ایک آف دی ریکارڈ ملاقات میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ شیئر کیے، سیاق و سباق سے ہٹ کر نقل کیا گیا۔فوج پاکستان کے عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ہم نے ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور انتہائی جنگی صلاحیت پر فخر کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔‘آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ”پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے ہتھیاروں، سازو سامان اور جنگی وسائل سے بھرپور انسانی وسائل کو تیار رکھا ہے اور تیار رکھے گی۔“ واضح رہے کہ چند روز قبل معروف صحافی حامد میر نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق آرمی چیف کی صحافیوں کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات کا احوال بیان کیا تھا، جس پر میڈیا میں ایک بحث شروع ہو گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں