پی ٹی آئی رہنما پنجاب الیکشن کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم پر پھٹ پڑے، پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

فیصل آباد(پی این آئی) فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ٹکٹ کی تقسیم پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ تحریک انصاف کے پی پی 101 سے اہم رہنما شمشیر حیدر وٹو نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے پارٹی قیادت کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کے عمل کو غیر منصفانہ قرار دے دیا اور کہا کہ پارٹی کے لئے قربانیاں دینے والوں کو سائیڈ پر کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں پر ٹکٹ جاری کردئیے ہیں۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے چاروں ریجن میں اپیل کمیٹیاں بھی بنا دی گئی ہیں، ٹکٹ پر نظرثانی کے لیے اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔ عمران خان تمام اپیلوں پر حتمی فیصلہ خود کریں گے۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا پنجاب میں عام انتخابات کیلئے کسی امیدوار کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لیگی قیادت نے فیصلہ کیاہے کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی فی الحال واپس نہیں لئے جائیں گے، تاہم کسی امیدوار کی ٹکٹ اور شیر کے نشان کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی جائے گی۔الیکشن شیڈول کے مطابق 20اپریل کو الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو پارٹی نشان الاٹ کرنے ہیں ۔

مسلم لیگ (ن) کا موقف ہے کہ پنجاب کے انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا، ہمارا موقف ہے کہ 14 مئی کے الیکشن کو نہیں مانتے، بائیکاٹ اس وقت ہوتا ہے جب امیدوار کاغذات واپس لے لیں۔ جب کہ پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ پنجاب آفس میں بھی صدر لاہور چوہدری محمد اسلم گل کی زیرصدارت ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس ہوا۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔اس موقع پر صدر چوہدری محمد اسلم گل نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور شرکت کرےگی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں