عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس سننے والے جج کا تبادلہ ہوگیا

اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس سننے والے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کا تبادلہ کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر رجسٹرار نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس سننے والے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کے تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

یاد رہے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد کردی تھی۔ دوسری جانب گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی کی دوسری دی گئی ڈیڈ لائن بھی ختم ہوگئی ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فنڈز فراہم نہ کئے جا سکے۔منگل کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں فنڈز کی تاحال عدم دستیابی بابت آگاہی دے دی گئی ہے۔ منگل کو ہی اسٹیٹ بنک حکام اور وزارت خزانہ کی طرف سے بھی فنڈز کے عدم اجراء بابت سربمہر رپورٹ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کو جمع کرا دی گئی ۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے گزشتہ حکم میں وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بنک کو 17 اپریل تک پنجاب اور خیبر پختونخواہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 ارب روپے کا اجراء یقینی بنا کر 18 اپریل کو اس پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدائیت کی گئی تھی۔جس پر آج اداروں کی طرف سے رپورٹس عدالت عظمی میں جمع کرا دی گئی ہیں۔ زرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ انتخابات کے لیے فنڈز تاحال نہیں مل سکے،اسٹیٹ بینک کی طرف سے رقم منتقلی نہیں کی گئی،جبکہ اسٹیٹ بنک اور وزارت خزانہ نے اپنی رپورٹ میں رقم کی منتقلی نہ ہونے کی وجوہات بتائی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close