پی ٹی آئی نے نگران حکومتوں کو ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

اسلام آباد (پی این آئی) پی ٹی آئی نے نگران حکومتوں کو ہٹانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے دائر کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق درخواست میں نگران وزرائے اعلیٰ کو اختیارات کے استعمال سے فوری روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں عدالت سے اپنی نگرانی میں پنجاب اور کے پی میں امور چلانے کا طریقہ کار وضع کرنے کی بھی استدعا کی گئی۔ درخواست میں وفاق کو داخلہ، خزانہ اور قانون و انصاف کے سیکرٹریز کے ذریعے فریق بنایا گیا جبکہ درخواست میں صدر اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹریز، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نگران وزرائے اعلیٰ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں اسمبلیوں کی تحلیل اور نگران حکومتوں کی تشکیل کے حقائق شامل کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ دستورِ پاکستان اور انتخابی قوانین کی متعلقہ بنیادوں کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ الیکشن 6ماہ یا ایک سال آگے جائے گا تو ایسا نہیں ہوگا، حکومت کو صورتحال کی سنگینی کا ادراک نہیں،حکومت کہتی 14مئی کو انتخابات نہیں ہونے دے گی۔

نگران حکومت کی مدت ختم ہوچکی ہے، جوگیلانی کے ساتھ ہوا وہ شہبازشریف کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ماضی میں عدالت نوازشریف ،گیلانی، پرویزاشرف کو طلب کرچکی ہے، عدالت شہبازشریف کو بھی طلب کرسکتی ہے، گیلانی کو تین چار منٹ کی سزا دی گئی ، عہدے سے ہٹایا گیا اور پانچ سال کیلئے نااہل کردیا گیا۔شہبازشریف کو بھی ہٹایا جاسکتا ہے۔میرا خیال ہے اب وہی ہوگا جو نوازشریف چاہے گا، الیکشن کی تاریخ آسانی سے طے نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ الیکشن چھ ماہ یا ایک سال آگے جائے گا تو ایسا نہیں ہوگا، حکومت کو صورتحال کی سنگینی کا ادراک نہیں،سپریم کورٹ نے 14مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا، حکومت کہتی 14مئی کو انتخابات نہیں ہونے دے گی، پنجاب کی نگران حکومت کی مدت ختم ہوچکی ہے۔

مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چودھری نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنس دائر ہوتا ہے تو پیمرا سے آرڈر آتا ہے کہ نمایا ں نشر کریں، سب کو پتا ہے کہ کہاں سے حکم آتا ہے، اب ایک حل کی طرف جانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close