جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف نئی درخواست دائر کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کیخلاف ریفرنس کی جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل میں وحید شہزاد بٹ نامی شہری نے درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے آج تک اپنی منی ٹریل نہیں دی اور انہوں نے اپنے اثاثے آج تک ظاہر نہیں کئے۔جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی اہلیہ نے ساڑھے تیرہ کروڑ کی جائیدادیں خریدیں،سرینا عیسٰی ان جائیدادوں کی منی ٹریل نہیں دے سکیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ انکم ٹیکس نے ان جائیدادوں پر ساڑھے تین کروڑ کے ٹیکسز عائد کئے،سپریم جوڈیشل کونسل کو 2019 میں ریفرنس بھجوایا گیا تھا،معاملہ حساس اور قومی نوعیت کا ہے۔درخواست میں ریفرنس کی جلد سماعت کی استدعا کی گئی۔

یاد رہے کہ کچھ دن قبل وفاقی حکومت نے جسٹس قاضی فائر عیسٰی کیخلاف ریفرنس واپس لینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔ حکومت نے درخواست میں عدالت عظمٰی کے فیصلے کیخلاف کیوریٹو ریویو یفرنس اور متفرق درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت جسٹس قاضی فائر عیسٰی کیخلاف دائر اپیل واپس لینا چاہتی ہے،حکومت اس کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی،انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ریفرنس کی پیروی نہیں چاہتے۔صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے بھی متفرق درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی گئی،درخواست میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق متفرق سول اپیلیں واپس لیتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمزور بے بنیاد وجوہات پر کیوریٹو ریفرنس دائر ہوا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں