چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دیں

اسلام آباد (پی این آئی) چیف الیکشن کمشنر سکند سلطان راجہ نے الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے معاملے پر الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کر دیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکند سلطان راجہ نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 57 اور سیکشن 58 میں ترامیم تجویز کر دیں اور کہا گیا کہ ترامیم پارلیمنٹ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کی جائیں۔مجوزہ ترمیم کے مطابق وقتا فوقتا الیکشن کمیشن اس نوٹیفیکیشن کے اجرا کے بعد اس میں ترامیم کر سکے گا ۔ جو الیکشن پروگرام مختلف مراحل میں اعلان کیا گیا ہو گا، الیکشن کمیشن ایک نیا الیکشن پروگرام اور نئی تاریخ بھی دے سکے گا،کمیشن تحریری طور پر اس کی وجوہات اور اپنی رائے بھی دے گا۔ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کرے گا۔الیکشن کمیشن حلقوں سے نمائندے منتخب کرنے کا کہے گا۔الیکشن کمیشن انتخابات نوٹیفیکیشن کے بعد الیکشن پروگرام میں تبدیلی کر سکے گا۔

تجویز میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نئی پولنگ تاریخ کے ساتھ نیا الیکشن پروگرام بھی جاری کر سکے گا۔دوسری جانب سینیٹ کے اجلاس میں قومی اسمبلی اور چاروں صوبوں میں بیک وقت انتخابات کرانے کی قرار داد کثرت رائے سے مںظور کر لی گئی ہے،قرار داد سینیٹر طاہر بزنجو نے ایوان میں پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے،تمام اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت ہونے بھی ضروری ہیں۔صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے دیگر صوبوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے،قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہونے سے وفاق مضبوط ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں