آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دورہ لائن آف کنٹرول سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کو ایک موثر پیغام گیا ہے، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی طرف سے خیر مقدم

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روزچیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے دورہ لائن آف کنٹرول سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کو ایک موثر پیغام گیا ہے اور اس سے جہاں فوجی جوانوں کے حوصلے بلند ہونگے جو کہ بھارت کی فوج کے سامنے دلیری سے کھڑے ہیں وہاں پر لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیریوں کے حوصلے بھی بلند ہونگے جو اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

آج چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کے دورے پر تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کی اور کشمیریوں کی قربانیوں کو سراہا ہے جس پر ہم لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت 05اگست2019کے بعد سے مختلف پروپیگنڈے کر رہا ہے۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے دورے سے بھارت کو اُن پروپیگنڈوں کا جواب ملے گا۔ میں نے بھی دو روز قبل اسی لیے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا تھا اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کیا تھا جبکہ بھارت مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کے باعث پہلے ہی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں