سپریم کورٹ کا فیصلہ، عمران خان نے اہم حکمت عملی کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، عدالت عظمی نے آئین کی حفاظت کی ہے۔سپریم کورٹ کا پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو کرانے کے حوالے سے فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے فون پر رابطہ کر کے آگاہ کیا۔

فواد چودھری نے سپریم کورٹ فیصلے کے مختلف پہلوں پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بریفنگ دی، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیچھے کھڑی ہے، پوری قوم الیکشن کی تیاری کرے۔قبل ازیں امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سیاسی اداروں میں الیکشن کے بعد نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے، ہماری معیشت زبوں حالی کا شکار ہو چکی ہے اور ہم تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے گزر رہے ہیں۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام انتخابات کے ذریعے آئے گا اور یہیں سے معاشی بحالی کا سفر شروع ہوتا ہے، مجھے دوبارہ اقتدار میں نہ لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، کیا ان کے پاس ملک کو بحران سے نکالنے کا کوئی منصوبہ ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے موجود معاشی صورتحال اور انتخابات کے بعد دوبارہ حکومت میں آنے کے منصوبوں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا منبہ سیاسی ادارے ہوں، یہ یقینی بنانے کیلئے نئے سماجی معاہدے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے مجھے مارنے کی کوشش کی وہ اب بھی اقتدار میں بیٹھے ہیں اور وہ گھبرائے ہوئے ہیں کہ اگر میں واپس آیا تو ان کا احتساب کیا جائے گا، وہ پریشان ہیں کہ مجھے کیسے باہر رکھا جائے کیونکہ لوگ مجھے واپس لانا چاہتے ہیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں