وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے تحریک آزادی کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید منظم و متحرک کرنے کیلئے پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید چغتائی کو فوکل پرسن نامزد کر دیا

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مقبوضہ جموں کشمیر کی تحریک آزادی کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید منظم و متحرک کرنے کیلئے پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید چغتائی کو فوکل پرسن نامزد کر دیا۔

وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے حریت قیادت کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے تنازعے پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ اور وفاقی وزارت امور کشمیر کے ذمہ داران کے ساتھ رابطے اور ملاقاتیں کی جائیں۔ حریت رہنماوں ، سیاسی قیادت، قانونی ماہرین اور صحافیوں پر مشتمل وفود بنائے جائیں تاکہ آزاد جموں کشمیر حکومت ان وفود کو برسلز ، یورپین ممالک، سعودی عرب، قطر،انڈونیشیا، ترکی ، ایران سمیت مختلف ممالک میں بھیج سکے ۔ یہ وفود مقوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی فورسز کے مظالم، جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے سمیت بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائیں اور عالمی برادری کو باور کرا سکیں کہ تنازعے کے متاثرین آج بھی عالمی برادری کے وعدوں کی پاسداری کے منتظر ہیں اور کشمیریوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ رائے شماری کراتے ہوئے کشمیریوں کو اپنے حق رائے دہی کا حق دیا جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں