نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایک اور بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور(پی این آئی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 11 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وپنجاب حکومت کی جانب سے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کیلئے ایک اور بڑا فیصلہ کیا گیا۔

پنجاب کابینہ نے ایک آٹا تھیلا لینے والے تمام خاندانوں کیلئے بیک وقت 20کلو آٹا دینے کی منظوری دی۔ اس فیصلے کااطلاق 29مارچ سے ہو گااور شہریوں کو با ربارسنٹرزکے چکر لگانے کی زحمت نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزراء او رسیکرٹریز تسلسل کے ساتھ سنٹرز کے دورے جاری رکھیں اور اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔اجلاس میں رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کاجائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو رجسٹریشن کے حوالے سے اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔اجلاس میں پنجاب بھر میں مفت آٹے کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پنجاب کابینہ نے آٹے کی فراہمی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کابینہ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک تقریباً 70لاکھ سے زائد آٹا تھیلے مستحق افراد میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لئے بازاروں او رمارکیٹوں کو بھی چیک کیاجائے اور پوری انتظامیہ اس ضمن میں متحرک رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close