شاہد خاقان عباسی نے بھی عمران خان کی گرفتاری کی مخالفت کر دی

اسلام آباد( پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کہا کہ سیاسی لیڈر کو گرفتار نہیں کرنا چاہیے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف الیکشن سے پہلے آئیں گے ، نوازشریف کی واپسی کی تاریخ بارے علم نہیں ، توشہ خانہ سے قانون کے مطابق تحفے لیے ، میں نے ان تحفوں سے مالی فائدہ حاصل نہیں کیا۔

 

 

 

عمران خان کی گرفتاری سے متعلق شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیشہ کہا کہ سیاسی لیڈر کو گرفتار نہیں کرنا چاہیے۔عمران خان کو عدالت جانا چاہئیے۔ عمران خان پیش نہیں ہوئے تو عدالت نے وارنٹ جاری کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں خود بھی پیشیاں بھگت چکا ہوں،بہتر ہے عمران خان گرفتاری دیں ضمانت مل جائے گی۔ جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا عمران خان کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان کے وارنٹ گرفتاری عدالت نے جاری کئے، پولیس عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر رہی ہے، دہشت گرد جتھے ریاستی اداروں پر حملہ آور ہیں، سیاسی جماعت کا لیڈر عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپتا نہیں بلکہ سینا تان کر گرفتاری دیتا ہے،عمران خان کی سیاسی موت ہو چکی ،میڈیا کو گرفتاری بارے اصل حقائق عوام کو بتانے چاہئیں، عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے 65پولیس افسران زخمی ہو چکے ہیں، گلگت بلتستان کی فورس کو استعمال کر کے پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے سر پھاڑے جا رہے ہیں۔منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی عوام پچھلے چند ماہ سے ایک تماشا دیکھ رہی ہے کہ ایک بزدل، فارن ایجنٹ، توشہ خانہ چور، گھڑی چور، ٹیرین کا والد اور توہین عدالت کا مجرم پولیس سے بھاگ رہا ہے۔

یہ شخص کہتا ہے کہ میں معذور اور بزرگ ہوں، میری ٹانگ پر پلستر اور میری جان کو خطرہ ہے۔ دو جھنڈوں کے درمیان بیٹھ کر جھوٹ بولتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ تحریک کے لئے تیار اور عدالت جانے کے لئے بیمار ہے۔ یہ منافق، بزدل اور جھوٹا شخص ہے جو پاکستان میں خانہ جنگی، سول وار اور افراتفری چاہتا ہے اور تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ حکومت اسے گرفتار کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں