زمان پارک میں حالات کشیدہ، رینجرز بھی طلب کر لی گئی

لاہور (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر زمان پارک میں حالات کشیدہ ہونے پر رینجر ز کو طلب کرلیا گیاہے، وفاقی وزارت داخلہ نے بھی رینجرز بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔ جیو نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر زمان پارک میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔

پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان شدید تصادم ہوا ہے ، کارکنان کی جانب سے پتھراؤ، غلیلوں کا استعمال اورپولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔حالات کشیدہ ہونے پر پولیس نے رینجرز بھیجنے کی درخواست کی، جس پر فاقی وزارت داخلہ نے رینجرز بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس عمران خان کے گھرزمان پارک گیٹ نمبر ایک سے اندر داخل ہوگئی ہے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور میں زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز کارروائی کرنے آئے ہیں۔ڈی آئی جی کہہ رہے ہیں وارنٹ لے کر آئے ہیں۔ ڈی آئی جی مجھے وارنٹ گرفتاری دکھائیں۔ میں وارنٹ پڑھوں گا، چئیرمین اور وکلاء سے بات کروں گا۔ لاٹھی چارج، آنسو گیس اور واٹر کیننن کا استعمال بند کیا جائے۔ ظل شاہ کی لاش گر چکی اور لاشیں مت گرائیں۔ تحریک انصاف کوئی خون خرابہ نہیں چاہتی۔ ہم نے قانون کو ہاتھ میں لیا ہے نہ لیں گے۔ قانون پر عمل کرنے کیلئے ہم درمیانی راستہ نکالتے ہیں، پولیس کو کہا ہے کہ جو بات کرنی ہے مجھ سے کریں۔

کیا یہ لوگ ملک میں افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں؟ ہم باہمی مشاورت سے ایک راستہ نکالنے کیلئے تیار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال بلا جواز، فل الفور بند کیا جائے، ہو سکتا ہے خون خرابے سے بچنے کے لیے عمران خان از خود گرفتاری کے لیے تیار ہو جائیں، عمران خان کو ضمانت ملی ہوئی ہے۔ کیا قیامت ٹوٹ پڑی ہے کہ آج ہی گرفتار کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close