میرپور، سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی تعمیر سے لوگوں کو دل کے امراض کے علاج کی سہولت اپنے علاقے میں حاصل ہو گی، حکومت آزاد کشمیر اور برطانیہ کی رفاعی تنظیم کے درمیان مفاہت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب سے وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ میرپور میں دل کے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی تعمیر سے لوگوں کو دل کے امراض کے علاج کی سہولت اپنے علاقے میں حاصل ہو گی اس سے نہ صرف آزادکشمیر بلکہ پاکستان کے لوگ بھی مستفید ہونگے ۔بیرون ملک مقیم کشمیری خاص کر برطانیہ میں مقیم کشمیری آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کیلیے آگے بڑھیں حکومت انہیں مکمل مدد فراہم کرے گی ۔

آزادکشمیر میں لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے بھی ہسپتال بنایا جائے گا ۔رفاہی کاموں کا فائدہ نہ صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی ملتا ہے ۔برظانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے سلسلے میں بھی اپنا اہم کردار ادا کریں۔قانون ساز اسمبلی میں اوورسیز کی ایک نشست کا اضافہ کریں گے ۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں میرپور میں امراض قلب کے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی تعمیر کے سلسلے میں حکومت اور برطانیہ کی رفاعی تنظیم Developing world Health Care کے درمیان مفاہمت کی یاداشت ہر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔اس موقع پرتقریب میں وزیر حکومت چوہدری اخلاق ،چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ ،پرنسپل سیکرٹری / ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی ،ایس ایم بی آر چوہدری لیاقت حسین ،سیکرٹری صحت میجر جنرل ظہیر اختر ،کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی ،ڈی جی صحت آفتاب احمد ،سینئرںنائب صدر تحریک انصاف چوہدری ظفر انور ،معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین ،میڈیا ایڈوائزر سردار زاہد تبسم ،سی ای او INGO بیرسٹر عابد حسین مینیجنگ ڈائریکٹر خواجہ نثار حسین،پراجیکٹ مینیجر راجہ شعیب محمود،ماہر امراض قلب، سرجن و پروفیسرڈاکٹر شاہنواز ،اعجاز فضل چوہدری ،چوہدری جاویدقادر(شملہ)،محمد یونس(ریگل)، مجاہد حسین،انصر پیرزادہ بھی موجود تھے ۔ اس سے پہلے حکومت اور رفاہی تنظیم کے درمیان مفاہمت کی یاداشت ہر سیکرٹری صحت میجر جنرل ظہیر اختر اور بیرسٹر عابد حسین نے دستخط کئے۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے ہسپتال کی تعمیر کے لئے زمین کے کاغذات بیرسٹر عابد حسین کے حوالے کئے۔

ادارے کی طرف سے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو شیلڈ پیش کی گئی ۔آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا میں نے بیرسٹر عابد کو کہا کہ اخلاص کے ساتھ کام کریں یہ پراجیکٹ ہماری اور آپ کی بخشش کا ذریعہ بنے گا ،میں نے اس ٹیم کا اخلاص دیکھا ہے امید ہے کہ یہ پراجیکٹ آزادکشمیر کی تاریخ کا ایک بہترین ہسپتال بنے گا اسکا ڈیزائن عمدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ یہ ایک ٹیچنگ ہسپتال ہو گا ہمیں اپنی فیکلٹی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ تحقیق کا کام ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر غور کرنا ہو گا کہ ہماری یونیورسٹیوں میں باہر سے کوئی پڑھنے کیوں نہیں آتا جبکہ یورپ کی طرف ایک بڑی تعداد تعلیم کے مقصد کیلیے جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہم لیور ٹرانسپلانٹ کا کام بھی کریں گے اس طرف بھی جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس سال سے ہمیں ایسی بیماریوں پر سیمینار کرنے چاہیں جن پر توجہ نہیں دی جا رہی ۔انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اس کام میں آگے بڑھیں یہ صدقہ جاریہ ہے جس کا فائدہ دنیا و آخرت میں یو گا ۔انہوں نے کہا کہ جو بھی رفاہی کام کرنا چاہتا ہے اسے حکومت مدد فراہم کرے گی ،سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا جائے گا ،چند لمحات قبولیت کے ہوتے ہیں جن ساعتوں میں کچھ ایسے کام ہو جاتے ہیں جو دنیا و آخرت کیلیے ہوتے ہیں یہ ہسپتال ایسا ہی ایک منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے پرائیویٹ شعبے میں سرمایہ کاری کا وسیع تجربہ ہے اور لوگوں کا مجھ پر اعتماد بھی ہے، کارپوریٹ سیکٹر میں کام کے لئے بڑی تگ و دو کی ضرورت ہوتی ہے میں بھی فرشتہ نہیں ہوں انسان ہوں مجھ میں بھی خامیاں ہونگی لیکن میرا مطمع نظر مخلوق خدا کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کا نظام جامد نہیں ہے بلکہ متحرک ہے ہمیں بھی متحرک رہنا ہے اور کام کرتے رہنا ہے ہسپتال کے لحاظ سے پریزینٹیشن عمدہ تھی ۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں چیریٹی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں ،ہم یورپ ،برسلز آئیں گے وہاں ہم نے دنیا کو بتانا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 75 سال میں ہم منزل کیوں حاصل نہیں کر سکے ہمیں اسپر غور کرنا چاہیے ہمیں منزل کا ازسر نو تعین کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ سمیت سلامتی کونسل کے پانچ ویٹو ملکوں کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا ۔اوورسیز کشمیریوں کو ہم کبھی نہیں بھول سکتے اسمبلی میں بھی اوورسیز کی ایک نشست کا اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اخلاقی رویوں کو بلند کرنا ہو گا ہر بات قانون سے ٹھیک نہیں ہو گا کچھ تبدیلی ہمیں خود بھی لانا ہو گی ،انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کی تعمیر کیلیے جو پلاٹ آپ کو مل رہا ہے یہ اہم منصوبہ ہو گا جس سے آزادکشمیر کے عوام مستفید ہونگے بلکہ اس سے پاکستان کے عوام کو بھی فایدہ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے KORT کو بھی پلاٹ دیا گیا ،جو لوگ رفاہ عامہ کیلیے کام کرتے ہیں وہ کبھی ڈوب ہی نہیں سکتے عبدالستار ایدھی ہمارے سامنے اسکی مثال موجود ہیں جنہوں نے انسانیت کی خدمت کی اور انسانیت ان کو نہیں بھولی ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کئی اچھے کام کئے میں اچھے کام کی قدر کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری سمیت اعلی بیوروکریسی کو اس اچھے کام پر سراہتا ہوں یہ ایک بہترین منصوبہ ہو گا جس سے کشمیری عوام کو فائیدہ ملے گا۔تقریب سے چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ ،سیکرٹری صحت میجر جنرل ظہیر اختر نے بھی خطاب کیا اور منصوبے پر روشنی ڈالی ۔۔بیرسٹر عابد حسین نے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان ایک وژنری شخصیت ہیں اور میں آزادکشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے سردار تنویر الیاس خان کو منتخب کیا ہے ۔انہوں نے ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے میں ذاتی دلچسپی لی اور اسے مکمل کرانے کے عمل میں زمین کی فراہمی کے سلسلے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا ۔انہوں نے چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ کا بھی شکریہ ادا کیا۔یہ ہسپتال آزادکشمیر میں جدید سہولیات اور بین الاقوامی معیار کاحامل امراض قلب کا اپنی نوعیت کا پہلا جے سی آئی (JCI) سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہو گا جے سی آئی)(JCI) برطانیہ کی این ایچ ایس(NHS) کی طرز پر ہسپتالوں کی ایک امریکن ریگولیٹری اتھارٹی ہے جس کے معیار کے مطابق پاکستان میں صرف چار ہسپتال الشفاانٹرنیشنل اسلام آباد،شوکت خانم ہسپتال لاہور ،شوکت خانم ہسپتال پشاوراور آغاخان ہسپتال کراچی ہیں جبکہ یہ پاکستان کا پانچواں اور آزادکشمیر کا پہلا جے سی آئی( JCI) ہسپتال ہوگا جو میرپور میں 150کنال قطعہ اراضی پرتیں سال کے عرصہ میں تعمیر کیا جائیگا اس پر دو کروڑ ڈالر سے زائد لاگت آ ئیگی ۔جدید سہولیات کے حامل بین الاقوامی معیار کے اس ہسپتال کی تعمیر برطانیہ کی معروف رفاہی تنظیم Developing World Health Care جو پاکستان میں INGO کے نام سے کام کر رہی ہے کرے گی ،ہسپتال کی تعمیر میں بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی فنڈز فراہم کرے گی اوردو سے تین سال کے عرصہ میں مکمل ہونیوالا یہ امراض قلب کا سٹیٹ آف دی آرٹ ٹیچنگ ہسپتال ہو گا جس میں دل کی تمام بیماریوں کا علاج کے ساتھ ساتھ امراض قلب پر ریسرچ بھی کی جائیگی نیز ہسپتال میں ڈاکٹروں اور نرسنگ سٹاف کو بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ دی جائیگی نیز باصلاحیت اور ہونہار ڈاکٹروں اور نرسنگ سٹاف کو بیرون ملک مزید تربیت کیلئے سکالر شپ بھی فراہم کی جائیگی جبکہ ضرورت مند افراد کو علاج معالجے کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی ۔امراض قلب کے اس ہسپتال میں نہ صرف میرپور ڈویژن سمیت آزادکشمیر بھر کے افراد مستفید ہونگے بلکہ پاکستان کے قریبی علاقوں جہلم ،کھاریاں ،گجرات ،لالہ موسی اور گوجر خان کے افراد بھی مستفید ہو سکیں گے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close