لاہو ر( پی این آئی) محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 22مارچ 29شعبان المعظم کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ملک بھر میں ایک ہی دن روزے کیلئے وزارت مذہبی امور نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں طلب کر لیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22مارچ 29شعبان المعظم کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے
، رمضان کے چاند کی پیدائش 21مارچ کی شب 10بج کر 23منٹ پر ہوگی۔دوسری جانب سیکرٹری وزارت مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے کہا کہ امید ہے اس مرتبہ ماہ رمضان کا چاند متفقہ ہوگا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہمیشہ صوبوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔آفتاب درانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کسی کو نیچا دکھانے کی کوشش نہیں کرتی۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی روز ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں