وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ ظاہر کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے ورکرز کنوشن سے خطاب میں کہا ہے کہ عمران خان فکر نہ کرو تمہیں گرفتار بھی کیاجائےگا اور تم جیل بھی جاؤ گے۔فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جو بابا رحمتے تمہیں روز مشورے دیتا ہے اس کے باوجود تم پکڑےجاؤگے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ الیکشن کیلے تیار ہے، الیکشن لڑ کر جیتیں گے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قوم ثاقب نثار اور پانامہ بینچ کو کبھی معاف نہیں کرے گی، ملک ترقی کر رہا تھا مگر پانامہ بینچ نے نوازشریف کو دفتر سے نکال کر ملک اور غریب سے دشمنی کی۔ فیصل آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم کا کہنا تھاکہ فیصل آباد میں گھڑی چور کا نعرہ زیادہ زورو شور سے لگ رہا ہے، ملک کی ترقی میں فیصل آباد کا بہت بڑا حصہ ہے، نوازشریف کہتے تھے کہ فیصل آباد کا جلسہ فیصلہ کن ہوتا ہے، فیصل آباد کا نہ صرف جلسہ بلکہ ورکرز کنونشن بھی فیصلہ کن ہوتا،جب نوازشریف کو حکومت ملی تو بجلی نہیں تھی فیصل آباد کی فیکٹری بند تھیں، دنیا نے دیکھا جب نواز شریف آیا 2013 کے بعد 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ زیرو ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے نواز شریف ملک میں 3 بار وزیراعظم بنا اور ملک اوپر گیا، نوازشریف اور پاکستان کی ترقی آپس میں جڑے ہوئے ہیں، شہبازشریف حکومت کے ہاتھ عمران خان کے کیے گئے آئی ایم ایف معاہدے میں بندھے ہوئے ہیں، حکومت کے ہاتھ بندھے ہونے کے باوجود 8 کروڑ عوام کو مفت آٹا دیا جائے گا، شہباز شریف نے حکم دیا ہے کہ رمضان میں پنجاب میں آٹا فری دیا جائے، جب گھڑی چور کی حکومت تھی تو کیا کبھی کسی نے مفت آتا دینے کا فیصلہ سنا؟ ان کا کہنا تھاکہ نہ خود کام کرتا ہے نہ کسی کو کام کرنے نہیں دیتا یہ سب سے بڑا فتنہ ہے، نوازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کررہا تھا، پانامہ بینج کو مصیبت پڑ گئی اور نوازشریف کو باہر کیا گیا جس دن نوازشریف کو دفتر سے نکالا گیا پاکستان کی ترقی بھی گئی، نوازشریف کو نکالنے اور عمران خان کو لانے والے ثاقب نثار قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی، ثاقب نثار تم صداقت اور امین کا سرٹیفیکٹ واپس لو لیکن تمہیں عوام نہیں معاف کرے گی۔

مریم نواز کا کہنا تھاکہ آصف سعید کھوسہ سے پوچھتی ہوں جس نے عمران خان کو کہا کہ سڑکوں پر کیوں دھکے کھاتے ہو عدالت آؤ، عمران خان اس وقت روز عدالت میں آتا تھا اور پہلے صف میں بیٹھا ہوتا تھا، آصف سعید کھوسہ تمہیں خیال نہیں آیا کہ اس اشتہاری کو گرفتار کیا جائے؟ پانامہ بینچ نے صرف نواز شریف سے انتقام نہیں لیا انہوں نے غریب کی روٹی سے دشمنی کی، ان لوگوں نے پاکستان کی ترقی سے دشمنی کی۔ انہوں نے کہا کہ جتنا بڑا ظلم انھوں نے کیا قوم ان کی نسلوں کو بھی معاف نہیں کرے گی، پانامہ بینچ والو، غضب خدا کا ایک نشہ کرنے والے کو قوم پر مسلط کردیا، بھنگ کے اثرات اس ملک کی معیشت کو لے کر بیٹھ گئی۔ لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھاکہ جب عدالت بلاتی ہے تو کہتا ہے میری ٹانگ ٹوٹی ہوئی ہے، جب تک کیسز چل رہے ہیں اس کی ٹانگ سے پلستر نہیں اترے گا، عدالتوں کیلئے بیمار اور جلسوں کیلئے تیار، اس سے بڑا منافق دیکھا کبھی؟ کہتا ہے میں نے موت کے خوف پر قابو پالیا ہے اور پھر کہتا ہے جان کو خطرہ ہے اس لیے گھر میں بیٹھا ہوں۔ ان کا کہنا تھاکہ اگر مل کر سازش کی ہے تو اب سب ایک دوسرے کا نام لیں گے اور دنیا دیکھے گی۔

اسٹیبلشمنٹ نے گند سمجھ کر یہ ٹوکرا سر سے پھینک دیا ہے، سہولت کار صرف فرار نہیں ہورہے جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، الیکشن سے پہلے کچھ فیصلے ہونے باقی ہیں، کیا عوام کو قبول ہے کہ نوازشریف کی 200 پیشیاں اور دوسری طرف عمران خان کی 2 پیشیاں، ایک طرف نواز شریف کی دو سو پیشیاں اور دوسری طرف عمران خان دو پیشیاں قبول ہیں؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close