عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، پی ٹی آئی نے حکمت عملی تیار کرلی

لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں حکمت عملی طے کرلی ہے،الیکشن کا بگل بچ چکا ہے، اس ہفتے امیدواروں کے ٹکٹس فائنل ہوجائیں گے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں حکمت عملی طے کرلی ہے، حکمت عملی وقت آنے پر سامنے لائیں گے، عمران خان کو گرفتاری کی کوشش پاکستان کو بحران میں لے جانے کیلئے ہورہی ہے،الیکشن کا بگل بچ چکا ہے ، اس ہفتے امیدواروں کے ٹکٹس فائنل ہوجائیں گے۔پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت سے پنجاب کا الیکشن جیتے گی۔اسی طرح سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر خیبرپختونخواہ انتخابات کے معاملے کو مذاق سمجھ رہے ہیں، سپریم کورٹ سے گورنر خیبرپختونخواہ کو نوٹس جانا چاہیئے، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس لحاظ کررہے ہیں، ورنہ کسی کی کیا مجال کہ سپریم کورٹ کا مذاق اڑائے، سپریم کورٹ کی حکم عدولی کسی صورت نہیں ہوسکتی۔وزیرقانون اور وزیرداخلہ نے سات ججز کا بول کر معاملے کو مسخ کرنے کی کوشش کی، سپریم کورٹ کا بنچ دوبارہ بنایا جس میں 5 جج رہ گئے تھے، بنچ سے دو ججز اپنی مرضی سے ہٹ گئے تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں انتخابات کامعاملہ ،گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو الیکشن کمیشن نے 14 مارچ کو مدعو کر لیا، گورنر اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان صوبہ میں انتخابی تاریخ سے متعلق حتمی مشاورت ہو گی۔خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان تاحال نہ ہوسکا، دوبارہ مشاورت کے لئے الیکشن کمیشن نے گورنرخیبرپختونخوا غلام علی کو چودہ مارچ کومدعو کرلیا ہے۔ گورنر ہاؤس پشاور کو بھی الیکشن کمیشن کا خط موصول ہو گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں