عمران خان سے گزارش ہے زمان پارک چھوڑ کر بنی گالا چلے جائیں، نگران پنجاب حکومت کا مطالبہ

لاہور (پی این آئی) نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ عمران خان سے گزارش ہے زمان پارک چھوڑ کر بنی گالا واپس چلے جائیں، پی ٹی آئی کا احتجاج پُرامن نہیں تھا، پی ٹی آئی ریلی میں ڈنڈا بردار افراد موجود تھے۔

عمران خان دو دن پہلے کہہ رہے تھے کہ میں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی نے اچانک ریلی کا اعلان کیا، پی ٹی آئی کا احتجاج پُرامن نہیں تھا، پی ٹی آئی ریلی میں ڈنڈا بردار افراد موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کا حکم تھا کہ عورت مارچ کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، پی ٹی آئی نے میں نہ مانوں کی رٹ لگائی ہوئی ہے، عمران خان سے گزارش ہے زمان پارک چھوڑ کر بنی گالا واپس چلے جائیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ذولفی بخاری نے کہا کہ ریلی میں اگر کسی کے پاس اسلحہ تھا تو گرفتارکرتے، پی ٹی آئی کارکنان پر تشدد حکومت کا منصوبہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم ہرحال میں الیکشن لڑیں گے، ہمارا مطالبہ ہے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شفاف انتخابات کرائے جائیں، الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے یہ سب ٹوپی ڈرامہ ہے۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف ترجمان فواد چودھری نے 92نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں آئین کے مطابق آگے بڑھا جائے، موجودہ حکومت کٹھ پتلی ہے، اس کو اسٹیبلشمنٹ چلا رہی ہے، عمران خان سے سوال کیا گیا کہ آرمی چیف سے کیوں نہیں ملتے، انہوں نے کہاکہ اگر ملنا چاہیں گے تو ضرور ملیں گے، میں تو جنرل باجوہ کو بھی دو بار ملا تھا، عمران خان نے مفاہمت کی بات کی تو مقدمات درج ہونا شروع ہوگئے، جس سے تاثر گیا کہ اگر مفاہمت کی بات کریں گے تو یہ چڑھ دوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی حکومت پر فرض کردیا گیا ہے کہ الیکشن رکوانے کیلئے لاشیں گرائیں، ایک بندہ جاں بحق ہوگیا ہے، ہماری ریلی کل سے شیڈول تھی لیکن آج اچانک حملہ کردیا گیا، پی ٹی آئی نے خونی تصادم سے بچنے کیلئے ریلی منسوخ کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں