این اے 65گجرات میں کس کی مقبولیت زیادہ ہے؟ سروے نتائج آگئے

گجرات(پی این آئی)قومی اسمبلی کی نشست این اے 65 گجرات پر انتخابات میں سخت مقابلے کا امکان ہے تاہم حلقے میں تحریک انصاف کومقبولیت کے لحاظ سے باقی جماعتوں پر برتری حاصل ہے۔ نجی ٹی وی کے سروے میں بتایا گیا ہے کہ چوہدری برادران جو گجرات کی سیاست میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں ان کے خاندان میں پھوٹ پڑنے سے مسلم لیگ( ن) کے ووٹوں میں اضافہ نظرآرہا ہے۔

پنجاب کا ضلع گجرات چوہدری خاندان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور وہ ہمیشہ سے اس نشست پر کامیابی کے جھنڈے گاڑتے چلے آئے ہیں لیکن اس بار چوہدری خاندان کے اختلافات اور پرویز الہیٰ کی تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد اب اس حلقے میں چوہدری برادران کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں تاہم مقبولیت کے لحاظ سے اس حلقے میں تحریک انصاف سب سے زیادہ مقبول جماعت ہے اور اس کے حق میں عوامی رائے زیادہ پائی جاتی ہے۔این اے 65 گجرات پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مونس الہیٰ جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چودھری مبشر کے نام سامنے آئے ہیں گزشتہ ضمنی انتخابات میں مونس الہیٰ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی. حلقے میں عوامی سروے کے دوران مہنگائی کی وجہ سے عوام سخت غصے میں نظر آئے اور انہوں نے تمام جماعتوں کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا تاہم بھاری اکثریت نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کے لیے بہترین لیڈر ہیں ۔حلقہ کے شہریوں نے دیگر پارٹیوں کے سربراہان کی کرپشن کو بے نقاب کیا ہے لوگوں کا کہنا ہے کہ عمران خان ہم سے جان بھی مانگے تو ہم دے دیں گے موجودہ حکومت نے اتنی مہنگائی کر دی ہے کہ ہمیں کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں. دوسری جانب مسلم لیگ( ن) مقبولیت کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے رائے عامہ کے لیے نجی ٹی وی کی سروے رپورٹ میں شہریوں نے عمران خان کی گزشتہ حکومت کو بھی کسی حد تک مہنگائی کا ذمہ دارٹھہرایا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں