وفاقی حکومت کو دہشت گردی کی فکر نہیں، وہ 24 گھنٹے عمران خان کی گرفتاری کے پیچھے ہیں، فواد چودھری کا الزام

لاہو ر(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان میں دہشت گردی دوبارہ واپس آگئی ہے، وفاقی حکومت کو فکر نہیں وہ 24 گھنٹے عمران خان کی گرفتاری کے پیچھے ہیں، عمران خان کی تقریر پر پابندی کو چیلنج کر دیا ہے، جلد پٹیشن سامنے لے آئیں گے۔زلفی بخاری کے ساتھ زمان پارک پہنچنے پر فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان دہشت گرد حملے پر افسوس ہے، حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ابتدائی معلومات کے مطابق شہادتیں بڑھنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں دہشت گردی دوبارہ واپس آگئی ہے، وفاقی حکومت کو فکر نہیں وہ 24 گھنٹے عمران خان کی گرفتاری کے پیچھے ہیں، پاکستان کے اصل مسئلے پیچھے رہ گئے اور معیشت تباہ ہو گئی ہے، امن و امان کی صورتحال مزید ابتر اور آئین کو بھی تباہ کرنے کے پیچھے لگے ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی کہ اتنی چھوٹی سوچ کے لوگ اتنی بڑی کرسیوں پر بیٹھ کیسے گئے ہیں، ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کا فیصلہ قانونی طور پر غلط ہے، ہم نے ایڈیشنل سیشن جج کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریر پر پابندی حکومتی ہسٹیریا کو ظاہر کرتی ہے، پابندی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اتنے کمزور ہیں کہ الفاظ سے ڈرتے ہیں، ہم نے پابندی کو چیلنج کر دیا ہے اور کچھ دیر میں پٹیشن سامنے لے آئیں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں، اس طرح کے فاشسٹ اقدامات کی تاریخ نہیں ملتی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close