کراچی (پی این آئی) ڈالر کو ایک بار پھر پر لگ گئے ۔ امریکی ڈالر کی قدرمیں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہوا ہے، ڈالر کی قیمت میں ایک دن میں 7روپے کا اضافہ ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈالر کی اونچی اڑان دوبارہ شروع ہوگئی۔انٹربینک اوراوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر مہنگا ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر 7 روپے مہنگا ہوا۔جس کے بعد ڈالر 267 روپے سے بڑھ کر 274 روپے کا ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر 266.11 روپے کا ہے۔انٹر بینک میں ڈالر آج 4.61 روپے مہنگا ہوا۔ گذشتہ روز بھی انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر مہنگا ہو ا،مرکزی بینک کے مطابق منگل کو1.58روپے کے اضافے سے ڈالر261.50 روپے کا ہو گیا جبکہ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں ڈالر1.90 روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر1.50روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قدر260روپے سے بڑھ کر261.90روپے ہو گئی اسی طرح اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر265روپے سے بڑھ کر266.50 روپے پر جا پہنچی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 2.70روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت فروخت 278.30 روپے سے بڑھ کر281روپے ہو گئی اسی طرح5روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 315روپے سے بڑھ کر320روپے پر جا پہنچی۔
گذشتہ روز اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کا آغازمنفی نظر آیا ۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 37 پوائنٹس کم ہونے کے بعد 40 ہزار 747 پر آگیا ہے۔جبکہ گزشتہ روز 100 انڈیکس 40 ہزار 784 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں