دنیا کا بہترین پلیئر بننے کیلئے آپ کو کیا کرنا چاہیے، محمد رضوان نے سیکرٹ بتا دیا

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ وہ یہ نہیں جانتے کہ فارم کیا چیز ہے، وہ صرف محنت کرنا جانتے ہیں اور اس پر ہی یقین رکھتے ہیں۔کراچی میں نجی ٹی وی جیو نیوز کو انٹرویو میں رضوان کا کہنا تھا کہ وہ ملتان سلطانز کے پی ایس ایل 8 میں آغاز سے مطمین ہیں، پلیئرز سے جو ڈیمانڈ ہے وہ اس سے زیادہ کرکے دے رہے ہیں۔

رضوان پاکستان سپر لیگ میں بھرپور فارم میں ہیں اور ان کا بیٹ رنز کا انبار لگا رہا ہے، پاکستان سپر لیگ میں جب ان کی ذاتی کارکردگی پر بات کی گئی اور سوال کیا گیا کہ اس زبردست فارم کا راز کیا ہے تو رضوان نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ فارم کیا ہے اور نہ ہی جاننا چاہتے ہیں کہ فارم کیا ہوتی ہے، ان کا ایمان صرف محنت کرنے پر ہے اور وہ صرف محنت کرنے پر یقین کرتے ہیں کیوں کہ جو محنت کرتا ہے اسے اس کا صلہ ضرور ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو کسی اور پلیئر سے بہتر ہونا ہے تو اس سے زیادہ محنت کرنا ہوگی اگر دنیا کا بہترین پلیئر بننا ہے تو سب سے زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔رضوان نے کہا کہ آن دا فیلڈ محنت کے ساتھ ساتھ آف دا فیلڈ محنت بھی کافی اہم ہوتی ہے اور یہ باتیں انہوں نے یونس خان اور مصباح الحق سے سیکھی ہیں۔ایک سوال پر محمد رضوان نے کہا کہ ان کی کارکردگی میں بہتری کی ایک وجہ ان کے بیٹنگ آرڈر کی تبدیلی ہے، بیٹنگ آرڈر تبدیل ہونے کے بعد

سے ان کی بیٹنگ پرفارمنس سب کے سامنے ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ وہ آج بھی ’’شیڈو پریکٹس’’ کرتے ہیں تاکہ ہر چیز کیلئے تیار رہا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ آن دا فیلڈ ہر پلیئر کو چیلنج کیا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کو غصہ دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ بڑی چیز حاصل کرکے تکبر نہیں کرنا چاہیے بلکہ عاجزی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کوشش ہوتی ہے کہ گراؤنڈ پر سب سے محبت سے پیش آئیں لیکن اگر کوئی آنکھیں دکھاتا ہے تو وہ اس کو ’’پڑ جاتے ہیں‘‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں