صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود سے دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی ملاقات، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکمت عملی پر غور

اسلام آباد ( پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کی ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات۔ اس موقع پرصدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو ختم کرنا چاہتا ہے اور اُس کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لئے سفارتی سطح پر موثر جواب دینا ہو گا۔

اس وقت مقبوضہ کشمیر میں اسمبلی نہیں ہے اوراس خلاء کو آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی پرُ کر سکتی ہے اس سلسلے میں جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر اس امر کا بھی اعادہ کیا گیا کہ بھارت جس تیزی سے مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی اور حلقہ بندیاں تبدیل کر رہا ہے اور وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ لہذا بھارت کی ان ریشہ دوانیوں کا سفارتی سطح پر بھرپور انداز میں مقابلہ کیا جانا چاہیے اور اس سلسلے میں واضح لائحہ عمل طے کیا جانا چاہیے تاکہ بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لایا جا سکے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں