ٹانگ کب تک مکمل ٹھیک ہوگی؟ عمران خان کے کمرہ عدالت میں بتا دیا

لاہور (پی این آئی) سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ٹانگ کافی حد تک ٹھیک ہوچکی‘ ڈاکٹروں نے 2 ہفتوں کا کہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی اور سید شہباز علی دو رکنی بنچ نے دوبارہ سماعت کی تو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان حفاظتی ضمانت کیلئے کمرہ عدالت میں پیش ہوئے تو عدالت نے روسٹرم پر بلالیا جہاں عمران خان نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتا ہوں اسی لیے پارٹی کا نام ہی انصاف پر رکھا ہے، میری ٹانگ کافی حد تک ٹھیک ہوچکی ہے لیکن میرے ایکسرے ہوئے تو ڈاکٹروں نے 2 ہفتوں کا کہا ہے اور کوئی جھٹکا پڑگیا تو دوبارہ کھڑا ہونے میں 3 ماہ لگ سکتے ہیں۔جس پر عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی، لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے چئیرمین کیخلاف تھانہ سنگجانی مقدمہ میں 3 مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو سابق وزیراعظم کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے، عمران خان کو ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے کارکنوں نے حصار بنا کر عدالت روانہ کیا۔

کینال روڈ پر تمام ٹریفک کو روک کر عمران خان کیلئے راستہ کلئیر کروایا گیا، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی روانگی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے، سابق وزیر اعظم اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے لاہور ہائی کورٹ پہنچے، عدالت میں بے پناہ رش کے باعث سابق وزیراعظم کے وکلاء نے گاڑی کے اندر ہی چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری لینے کی استدعا کی۔میڈیا سے گفتگو میں ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ نوازشریف کو پاکستان آئے بغیر ہی ضمانت دے دی گئی تھی، ہم تو عدالت کے بلانے پر آ گئے ہیں، اب جج صاحبان نے بلایا ہے تو سکیورٹی بھی دیں اور پولیس سے پوچھا جائے کیوں کہ یہاں کوئی سیکیورٹی نظر نہیں آرہی، یہ چاہتے ہیں کہ کوئی حادثہ پیش آئے۔ انہوں نے کہا کہ 25 مئی سے کارکن ظلم برداشت کررہے ہیں، ہم نے تو ابھی کال بھی نہیں دی اور کسی کال کے بغیر ہزاروں لوگ عمران خان کیلئے نکلے ہیں، ہزاروں لوگ جمع ہیں عمران خان کا عدالت جانا ممکن نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close