ایف ایف سی کی طرف سے ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے 20 لاکھ کی امداد

راولپنڈی (پی این آئی) فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ گوٹھ ماچھی نے ترکی و شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 20 لاکھ مالیت کے200فوڈ ہیمپرز ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان شکیل احمد بھٹی کے حوالے کر دیئے۔ فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے ریذیڈنٹ منیجر برگیڈئیر طلعت محمود جنجوعہ (ریٹائرڈ)نے صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ فوجی فرٹیلائزرکمپنی گوٹھ ماچھی اس کار خیر میں حصہ ڈالنے کی دعوت دینے پر ضلعی انتظامیہ بلخصوص ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی مشکور ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی نے ہمیشہ فلاحی کاموں میں اپنا حصہ ڈالا ہے اور مستقبل میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ برگیڈئیر طلعت محمود جنجوعہ(ریٹائرڈ) نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے مخیر حضرات کو دل کھول کر اس کار خیر میں حصہ لینا چاہیے انہو ں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان شکیل احمد بھٹی نے فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوٹھ ماچھی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ یقیناً فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوٹھ ماچھی نے فلاحی منصوبہ جات کی تکمیل کیلئے جس طرح سے اپنا کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان نے کہا کہ ترکی و شام کی مدد کرکے فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوٹھ ماچھی نے اس مشکل گھڑی میں ایک کلید ی کردار اد اکیا ہے۔

آخر میں برگیڈئیر طلعت محمود جنجوعہ نے کہا کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی گوٹھ ماچھی اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سنجیدہ اور ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت اپنی خدمت کے عمل کو جاری رکھے گی جو ہماری مدد کے طلبگار ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ اور انھوں نے کہا کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے اُن تمام افراد کی مد د کرنی چایئے اورخدمت خلقِ خُدا ایک عظیم عبادت ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close