جیل بھرو تحریک، اسلام آباد سے کون کون گرفتاری پیش کرے گا؟ نام سامنے آ گئے

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کی لیڈرشپ اور ورکرز عمران خان کی کال پر جیل بھرو تحریک میں اگلے ہفتے گرفتاریاں دیں گے، مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر ، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز سمیت سینکڑوں ارکان گرفتاریاں پیش کریں گے یہ فیصلہ پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کی ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ریجنل صدر علی نواز اعوان نے کی ، ایڈوائزری کونسل کے ارکان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین عمران خان کی کال پر اسلام آباد ریجن کی ٹاپ لیڈرشپ سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ گرفتاریاں پیش کرے گی،

اسلام آباد سے منتخب تینوں ارکان قومی اسمبلی مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر ، علی نواز اعوان ،راجہ خرم نواز اور دیگر مرکزی قائدین بھی ورکرز کے ہمراہ پہلی صف میں گرفتاریاں دیں گیاس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے کہا کہ عمران خان اس قوم کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں عمران خان چاہتے تو مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دیتے جس سے ملک بھر میں پسی ہوئی عوام اس تعداد میں نکلتی کہ حکومت کے لیے ان پر قابو پانا مشکل ہو جاتا اور پہلے سے ہی رینگتی ہوئی معیشت پر مزید منفی اثرات پڑتے اس لیے انہوں نے جیل بھرو تحریک کا آپشن چنا، علی نواز اعوان نے کہا کہ ہم یہ جدوجہد پاکستان کے مستقبل کے لئے کررہے ہیں ہم اپنی آئندہ نسلوں کے لیے اپنا آج قربان کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر ہمیں پولیس گرفتار نہیں کرتی تو ہم اسی تھانے کے سامنے دھرنا دیں گے اور اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close