مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے حکومتی، اپوزیشن اراکین اسمبلی، صحافیوں کے وفود بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ

مظفرآباد(آئی این پی) وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے آزاد کشمیر کے حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی سمیت صحافیوں کے وفود بیرونی ممالک بھیجیں گے۔صحافیوں کی آواز بین الاقوامی اور قومی سطح پر موثر انداز میں سنی جاتی ہے۔پرنٹ الیکٹرانک و سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کومسئلہ کشمیر اجاگر کرنے،بھارت کے مکرو چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔حکومت سے اختلاف ہو سکتا ہے ریاست سے نہیں۔ریاست کی ترقی بقا سلامتی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مسئلہ کشمیر پرسیاسی اختلافات کے باوجود تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کے معاملے پر ایک ہیں۔صحافیوں کو بلا تخصیص رہائشی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تین سو کنال اراضی مختص کی جائے گی۔محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ صحافیوں کے بین الصوبائی دورے یقینی بنائے۔صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے سمیت ان کو علمی ادبی اور دورے حاضر کی جدید تعلیم سے رو شناس کرنے کیلئے جرنلسٹ اکیڈمی کو فوری طور پر فنگشنل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت مقبول رسولؐ سے کیا گیا۔الیکشن کمشنر راجہ افتخار احمد خان نے نو منتخب عہدیداران کی کامیابی کانوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔نو منتخب صدر واحد اقبال بٹ،سینئر نائب صدر غلام رضا کاظمی،نائب صدر راجہ اعجاز،جنرل سیکرٹری محمد بشارت مغل،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سفیر رضا،جوائنٹ سیکرٹری نسیم مغل،سیکرٹری مالیات،انصر صدیق خواجہ،سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔جبکہ سینٹرل پریس کلب کی مجلس عاملہ کے اراکین طارق نقاش،سردار ذوالفقار،راجہ شوکت اقبال،امیرالدین مغل سے سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد نے حلف لیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے پریس کلب کے لیے 30لاکھ روپے، سینئر صحافی دلپذیر عباسی مرحوم کے بچوں کو ملازمت دینے، مرکزی ایوان صحافت کی عمارت پر نیا فلور اور جم خانہ کی تعمیر کرنے، جرنلسٹ ہاوسنگ سوسائٹی کیلئے 300کنال اراضی، خواتین صحافیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے 3لاکھ اور اخبار فروشوں کے لیے 5 لاکھ روپے دینے سمیت سابقہ اعلانات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ قلم کے ساتھ انکا گہرا رشتہ ہے۔مرکزی ایوان صحافت تاریخی اہمیت کا حامل اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا ترجمان ہے۔پریس کلب اور صحافیوں کی فلاح و بہبود ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے، صحافت کا شعبہ عوام تک پہنچنے کا اہم ذریعہ ہے۔ آزاد کشمیر کے صحافی نامساعد حالات میں بھی اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھا رہے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اہل قلم دنیا کے سامنے ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں۔معاشرے کی تعمیر و ترقی میں صحافت کا ہر کردار مثالی رہا ہے۔ جو لوگ قلم کے ساتھ انصاف کرتے ہیں ہر مقام پر عزت و تکریم ان کا مقدر بنتی ہے،صحافیوں کی فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کئی دہائیوں سے 5 فروری کویوم یکجہتی کشمیر پر پوری قوم ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرواتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں