مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ اہل قلم دنیا کے سامنے ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں۔معاشرے کی تعمیر و ترقی میں صحافت کا ہر کردار مثالی رہا ہے۔ جو لوگ قلم کے ساتھ انصاف کرتے ہیں ہر مقام پر عزت و تکریم ان کا مقدر بنتی ہے،صحافیوں کی فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
مرکزی ایوان صحافت تاریخی اہمیت کا حامل اور پوری ریاست جموں و کشمیر کا ترجمان ہے۔پریس کلب اور صحافیوں کی فلاح و بہبود ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام تروسائل بروئے کار لائیں گے، صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جرنلزم اکیڈمی بنا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے سینٹرل پریس مظفرآباد کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے سینٹرل پریس کلب کی نو منتخب انتظامیہ سے حلف لیا اور مبارکباد دی۔اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے سینٹرل پریس کلب اور جرنلسٹ کالونی کے لیے مزید 300 کنال اراضی، پریس کلب کے لیے 30 لاکھ روپے، خواتین کے لیے 3 لاکھ روپے اور اخبار فروشوں کے لیے 5 لاکھ روپے دینے اور مرکزی ایوان صحافت کی عمارت پر نیا فلور (بلڈنگ) بنانے کا بھی اعلان کیا۔سینئرموسٹ وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد، وزیر تعلیم و ٹیوٹا دیوان علی خان چغتائی، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، سیکرٹری اطلاعات عنصر یعقوب بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مرکزی ایوان صحافت کا تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار رہا ہے، میری تجویز ہے کہ حکومتی و اپوزیشن اراکین اسمبلی اور صحافیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ایشیا، مڈل ایسٹ اور یورپ کے صدور ممبران پارلیمنٹ اور وزراء سے ملاقات کریں اور ساری دنیا میں جا کر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ صحافی اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا کریں، ففتھ جنریشن وار میں میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا کا کردار سب سے زیادہ ہے، ہمیں بھارت کے عزائم کو ناکام بنا کر ہر فورم پر دنیا کو یہ باور کروانا ہو گا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے نہتے بہن بھائیوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کئی دہائیوں سے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر پر پوری قوم ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب مبذول کرواتی ہے۔ امسال وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قانون ساز اسمبلی میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ سیاسی اختلافات کے باوجود تمام سیاسی جماعتیں کشمیر کے معاملے پر ایک ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر مزید اجاگر کرنے کیلیے حکومتی و اپوزیشن اراکین اسمبلی اور ریاستی صحافیوں کا نمائندہ وفد ایشیائی ممالک،مڈل ایسٹ اور دیگر مغربی ممالک میں بھیجا جائے جہاں وہ انسانی حقوق کے علمبرداروں،صدور ممبران پارلیمنٹ اور اہم حکومتی شخصیات کے سامنے بھارتی بربریت کو بے نقاب کریں۔ مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آواز دنیا بھر میں بلند کرنے کے لیے صحافیوں پر مشتمل وفد کے اخراجات بھی اپنی ذاتی حیثیت میں دینے کو تیار ہوں۔ ہمیں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میں جدت لا رہے ہیں۔وزارت اطلاعات صحافیوں کو بین الصوبائی دورے کروائے جہاں صحافی تاریخی مقامات، مزارات کا دورہ کریں اور صحافتی تنظیموں سے مل بیٹھیں۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے کشمیر پر متفقہ قرارداد منظور کی مگر چند عناصر نے اس کو سپوتاز کرنے کی ناکام کوشش کی۔ ملک و قوم کے لیے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا چاہیے۔ کوئی صحافی کسی سیاستدان کو بلیک میل نہیں کر سکتا۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ صحافت کے شعبہ میں بہتری کے لیے اکیڈمی شروع کی جائے جہاں شارٹ کورسز سے صحافیوں کو جدید علوم اور فن سے روشناس کروایا جائے۔ احساسات کو الفاظ میں پرونا صحافی کی خوبی ہوتی ہے۔ صحافی حکومت پر تعمیری تنقید کریں۔ تعمیری تنقید خوش آئند ہے مگر سوال معقول ہونے چاہیے۔ من گھڑت خبروں سے صحافتی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبیلیٹیشن کے دورہ پر وہاں موجود خواتین کی حالت زار دیکھ کر دلی افسوس ہوا۔ ماضی کی حکومتوں نے فلاح وبہبود کے کاموں پر توجہ نہیں دی۔ ہماری حکومت نے مظفرآباد میں 2005 کے زلزلہ میں تاحیات معذور پچاس مردوں کی ماہانہ امداد کرنے میں اضافہ کرنے اور اسلام آباد میں معذور خواتین کی بہبود کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس سے قبل صدر سینٹرل پریس کلب واحد اقبال بٹ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی سربراہی میں قائم حکومت کے تحریک آزادی کشمیر، تعمیر وترقی و خوشحالی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی مکمل تائید کرتے ہوئے انہیں تاریخی قرار دیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں