چوہدری پرویزالٰہی کی تہلکہ خیز آڈیوز لیک ہوگئیں

لاہور(پی این آئی)سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی تین مبینہ آڈیوز لیک ہوئی ہیں جن میں وہ کرپشن کیس کے ملزم سابق پرنسپل سیکریٹری محمدخان بھٹی کا کیس جسٹس مظاہر علی نقوی کی عدالت میں لگوانے اور جسٹس مظاہر علی سے ان کے گھر پر ملاقات کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

پہلی مبینہ آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ پرویز الٰہی جسٹس مظاہرعلی شاہ سے ان کے گھر پر ملاقات کے لیے اصرار کر رہے ہیں ، جبکہ جسٹس مظاہر کا کہنا ہے کہ محمد خان یہاں میرے پاس موجود ہے ،ویسے تو یہ آپ کا اپنا گھر ہے لیکن فی الحال آپ کو آنے کی ضرورت نہیں ہے ، جواب میں پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وہ بغیر کسی پرٹوکول کے ان کے گھر آرہے ہیں ۔ دوسری آڈیو میں پرویز الٰہی محمد خان بھٹی کا کیس جسٹس مظاہر علی نقوی کی عدالت میں لگوانے کے لیے جوجا نامی شخص سے بات جیت کر رہے ہیں ۔ جس میں پرویز الٰہی کے مطالبے کے جواب میں جوجا نامی شخص کا کہنا ہے کہ میری بات ہوگئی ہے وہ کہتے ہیں کہ محمد خان کا کیس اسلام آباد بھیج دیا جائے گا ، اس کے بعد جو بھی پراسیس ہوگا اس پر بھی کوشش کریں گے۔ پرویز الٰہی تیسری مبینہ آڈیو میں مبینہ طور پرسپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری سے بات کررہے ہیں اور انہیں بھی محمد خان کا کیس جسٹس مظاہرعلی نقوی کی عدالت میں لگوانے کا کہہ رہے ہیں ، پرویز الٰہی کی جانب سے عابد زبیری کو بتایا گیا کہ جوجا نامی شخص نے کیس فائل کردیا ہے۔

جس کے جواب میں عابد زبیری کاکہنا تھا کہ وہ جوجا سے رابطہ کرکے مزید معلومات لے لیں گے، آڈیو میں عابد زبیری کی جانب سے پرویز الٰہی سے کہا گیا کہ سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کیس جس بینچ میں لگا ہوا ہے اس میں بھی جسٹس مظاہر علی شامل ہیں ،جواب میں پرویز الٰہی نے کہا کہ میں دیکھ لوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close