بھارتی حکومت کی جبری بے دخلی اور زمینوں پر قبضے کی مہم کے خلاف آج مکمل ہڑتال کریں، چیئرمین جموں و کشمیر سالویشن فرنٹ الطاف بٹ کی اپیل

اسلام آباد (پی این آئی) جموں کشمیر سالویشن موومنٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال کی حمایت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی نسل پرست حکومت کی جبری بے دخلی اور زمینوں پر قبضے کی مہم کے خلاف بدھ 15 فروری کو ریاست گیر مکمل ہڑتال کریں۔

چیئرمین الطاف احمد بٹ نے مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ کا زمینوں پر قبضے کی جاری مہم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد سے مودی کی قیادت میں بھارت کی فاشسٹ بی جے پی حکومت نے اپنی پہلے سے منصوبہ بند غیر انسانی، غیر قانونی اور مخالفانہ کارروائیوں کو انجام دینا شروع کر دیا ہے۔ مسلمانوں کا ذریعہ معاش چھیننے، کاروبار کو تباہ کرنے اور کشمیریوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے محروم کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ کرنے کا منصوبہ ہے۔ الطاف احمد بٹ نے مزید کہا کہ کشمیری قوموں نے اپنے خون سے قیمت ادا کی ہے اور لاکھوں جانیں قربان کی ہیں، لیکن کبھی بھی ہندوستان کی فوجی طاقت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے اور نہ ہی جھکے۔ اب وقت آگیا ہے بی جے پی حکومت کی فاشسٹ پالیسیوں کو ناکام بنانے کے لیے لوگ بڑے پیمانے پر آگے آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ وادی کی مسلم شناخت کو ختم کرنے کی کوشش میں، بی جے پی حکومت غیر قانونی قوانین نافذ کرنے، زمینوں پر قبضے، رہائشی اور تجارتی جائیدادوں کو ختم کرنے، کٹر ہندوؤں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

جو کہ بین الاقوامی قوانین اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔ چیئرمین نے عوام سے مکمل شٹر ڈاؤن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اجتماعی طور پر بھارتی جارحیت کے خلاف کھڑے ہوں اور منہ توڑ جواب دیں۔ چیئرمین بٹ نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں، اقوام متحدہ، P5، اور ترقی یافتہ ممالک کو چاہیے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، زمینوں پر قبضے اور انسانیت کے خلاف جرائم کو روکینے میں اپنا کردار ادا کریں اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے اپنی قابض افواج واپس بلانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا عمل شروع کرنے پر مجبور کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں