ملتان (پی این آئی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پولیس کارکنوں کے گھر پر چھاپے مار رہی ہے،ہم سیاسی کارکن ہیں میدان میں کھڑے ہیں،طلب کریں ہم پیش ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے مجھے دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ آپ کے بیٹے کو گرفتار کرنے کا ارادہ ہے،کہا جا رہا ہے کہ آپ کا بیٹا ملتان سے چلا جائے۔ زین قریشی کھڑے ہیں،اگر گرفتار کرنا ہے تو ابھی آؤ گرفتار کرو۔یہ ضمنی انتخابات خراب کرنے کی ایک سازش ہے،انتظامیہ کو تنبیہ کی جائے کہ بلاوجہ معاملات خراب نہ کرے۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے زندگی میں کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں،دباؤ میں نہیں آئیں گے،کیا مریم نواز قوم کو بتائیں گی کہ آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ طے پایا؟حکومت اب نیا معاہدہ کر کے قوم پر مہنگائی کا نیا بم گرانے کا ارادہ رکھتی ہے،آئی ایم ایف کا وفد روانہ ہو گیا لیکن قوم کو اب تک نوید نہیں سنائی گئی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب الیکشن کی تاریخ دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارباب اختیار ذہنی کشمکش چھوڑیں وہ الیکشن سے نہیں بھاگ سکتے،لاہور ہائیکورٹ کی تمام کارروائی سے واضح ہے الیکشن 90 روز میں ہونے ہیں۔ پاکستان میں جمہوری آئین الیکشن کی بنیاد پر ہے،یہ کس بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کرانے کیلئے پیسے نہیں ہیں۔
حکومت نے تو عمران خان کی نسبت 1054 ارب روپے زیادہ خرچ کیے،الیکشن کی تیاری کریں اس کے علاوہ کوئی حل نہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت،الیکشن کمیشن یا صدر مملکت نے الیکشن کی تاریخ دینی ہے،حکومتی وکلا نے عدالت میں کہا الیکشن کیلئے 60 ارب روپے نہیں،اس طرح کی باتوں سے پاکستان کو سکیورٹی خطرات لاحق ہوں گے۔ وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ الیکشن ایک ساتھ ہو وہ آج نیشنل اسمبلی تحلیل کر دے تو 90 دن میں الیکشن ایک ساتھ ہو جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں