اسلام آباد (آئی این پی) ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان سمیت جنوبی وسطی ایشائی ممالک میں زلزلے کی پیشگوئیاں گردش کرنے لگیں۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے پاکستان میں زلزلے سے متعلق پیش گوئیوں کو مسترد کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ترکیہ، پاکستان کی فالٹ لائنز میں کوئی مماثلت نہیں۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش زلزلے سے متعلق پیشنگوئیوں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں، پاکستان کا اپنا اسٹیٹ آف دی آرٹ مانیٹرنگ سسٹم ہے جو ترکیہ، شام کی صورتحال اور آفٹر شاکس مانیٹر کررہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دوتہائی آبادی فالٹ لائن پر ہے، 2005 اور 2013 میں انہی فالٹ لائنز پر زلزلے آئے تھے جس کے باعث شدید جانی و مالی نقصان برداشت کرنا پڑا تھا، پاکستان میں کشمیر، شمالی علاقہ جات، بلوچستان، سبی سمیت نارتھ، ایسٹ زون فالٹ لائنز پر ہیں۔دوسری جانب تباہ کن 7.9 شدت کے زلزلے سے شام اور ترکیہ میں 4300 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں زلزلے کے بعد۔ آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ زلزلے سے اب تک کی اطلاعات کے مطابق شام میں 1444 اور ترکیہ میں 2921 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اسپتال منتقل کیے گئے اور ملبے سے مزید نکلنے والے زخمیوں کی تعداد بھی ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں