لاہور( پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی تقریر کے دوران احتجاج کرنے والی لیگی خاتون کارکن زمان پارک پہنچ گئی۔خاتون نے پاکستان تحریک انصاف جوائن کر لی۔ بقول خاتون کے پی ٹی آئی میں ورکرز کی عزت کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان شریف بندہ ہے۔
انہوں نے ہر فارم پر غریبوں کی بات کی، غریبوں کے لیے آواز اٹھائی۔ن لیگ غریبوں کے حق میں نہیں بولتی ، یہ ہمیشہ اپنے حق میں اور عمران خان کی مخالفت میں بولتے ہیں۔خاتون نے مزید کہا کہ میں اب مرتے دم تک پی ٹی آئی کے ساتھ رہوں گی۔۔02 فروری کو بہاولپور میں مریم نواز کو غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مریم نواز کی میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک لیگی خاتون کارکن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔لیگی خاتون کارکن نے کہا کہ 25 سال سے مسلم لیگ ن کی کارکن ہوں، مجھے دھکے دیے گئے، مریم نواز کے سیکرٹری نے مجھے تھپڑ مارا۔ لیگی خاتون کارکن نے مریم نواز کی موجودگی میں مزید کہا کہ تحریک انصاف میں ورکرز کی عزت ہے، ن لیگ میں ورکرز کی کوئی عزت نہیں۔ اس سے قبل بھی ن لیگ کے ورکرز کی جانب سے اکثر شکایات سامنے آتی رہتی ہیں کہ قیادت سے ملنے نہیں دیا جاتا۔حال ہی میں ملتان میں پولیس مریم نواز شریف اور کارکنوں کے درمیان ملاقات میں دیوار بن گئی تھی۔
پرامن کارکنوں کے اصرار کے باوجود پولیس اہلکاروں نے نوجوان متوالوں کو مقامی ہوٹل میں داخلے کی اجازت نہ دی۔ لیگی رہنمائوں کی سفارش بھی کام نہ آئی تو مشتعل کارکنوں نے ہوٹل کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔یہ وقوعہ اس وقت پیش آیا جب مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر محترمہ مریم نواز اپنے دورہ ملتان کے دوسرے روز ابدالی روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں پارٹی کارکنوں اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کر رہی تھیں۔اسی دوران متوالے لیگی نوجوانوں کا ایک گروپ اپنی لیڈر سے ملاقات کیلئے ہوٹل کے میں گیٹ پر پہنچا۔ جنہیں مین گیٹ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے ہوٹل کے اندر جانے سے روک دیا۔ جس پر کارکنوں میں غم و غصہ پھیل گیا اور انہوں نے ملتان پولیس کے خلاف اور اپنی لیڈر کے حق میں نعرہ بازی شروع کردی۔ بعد ازاں یہ تلخ کلامی ہنگامہ آرائی اور تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ نوجوانوں نے پولیس اور ہوٹل پر پتھرائو شروع کردیا۔ جس سے ہوٹل کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ مقامی پولیس نے ہلکا پھلکا لاٹھی چارج کرکے اس مسئلے پر قابو پایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں